اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے بیج کے شعبے میں تحقیق اور ترقی (آر اینڈ ڈی ) کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شعبہ ملک کی زرعی بنیادوں پر مبنی برآمدات کے فروغ کے لئے نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔وفاقی بیج تصدیق و رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ (ایف ایس سی اینڈ آر ڈی ) اور نیشنل سیڈ ڈویلپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (اینایس ڈی آر اے ) کی جانب سے منعقدہ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ معیاری اور تصدیق شدہ بیجوں تک رسائی براہ راست زرعی پیداوار میں اضافے اور پاکستانی زرعی مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں مسابقت بڑھانے سے منسلک ہے۔جام کمال خان نے بیج کے متعلقہ اداروں اور اتھارٹیز پر زور دیا کہ وہ کسانوں تک تصدیق شدہ بیجوں کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ اقسام کی تیاری میں سست روی، تحقیق و ترقی میں کم سرمایہ کاری اور درآمد شدہ ہائبرڈز پر انحصار نے بیج کے شعبے کو کمزور کر دیا ہے، اس لئے ضروری ہے کہ مقامی تحقیق کو فروغ دیا جائے اور پبلک و پرائیویٹ اداروں کے درمیان شراکت داری کو حوصلہ افزائی دی جائے۔وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ اگر ضرورت پیش آئی تو ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف ) کے ذریعے مالی معاونت فراہم کی جا سکتی ہے تاکہ بیج تصدیق کے نظام کو مضبوط بنایا جا سکے، موسمیاتی اثرات کو برداشت کرنے والی اقسام متعارف کرائی جائیں اور زرعی برآمدات کے لئے ویلیو چین کو بہتر کیا جا سکے۔جام کمال خان نے کہا کہ تصدیق شدہ بیجوں تک مستحکم رسائی، مضبوط تحقیق و ترقی اور مؤثر ریگولیشن کے ذریعے نہ صرف زرعی پیداوار بڑھے گی بلکہ پاکستان کی زرعی برآمدات کے لئے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کسان اور برآمدکنندگان ایسے بیج کے نظام کے حقدار ہیں جو معیار، جدت اور مسابقت فراہم کرے۔