راولپنڈی۔26اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر خطہ پوٹھوہار میں ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان کا آغاز کر دیا گیا ہے جسے زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے ایک گیم چینجر قرار دیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں اراکین صوبائی اسمبلی، پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک، ڈائریکٹر جنرلز زراعت اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان 7 ارب روپے کی خطیر لاگت سے شروع کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت 4 ارب روپے کی لاگت سے آبپاشی اور پانی کے مؤثر استعمال کے لیے جدید اقدامات کیے جائیں گے جن میں سولر سسٹم، ڈرپ ایریگیشن اور لیزر لینڈ لیولر 70 فیصد سبسڈی پر فراہم کیے جائیں گے۔
اسی طرح تحفظ اراضیات کے لیے ایک ارب روپے سے 400 منی ڈیمز تعمیر ہوں گے جبکہ 45 سو ایکڑ رقبے کی اصلاح اور کاشتکاروں کو 25 ہزار کلو گرام مونگ پھلی کا معیاری بیج فراہم کیا جائے گا۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے اجلاس میں بتایا کہ منصوبے کے تحت 57 ہزار 960 روپے فی ایکڑ اعانت پر 3 ہزار 625 ایکڑ پر زیتون کی کاشت کی جائے گی اور زیتون کا تیل نکالنے کے لیے کولڈ پریس یونٹس 50 فیصد سبسڈی پر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 37 کروڑ روپے کی لاگت سے ادرک کی کاشت کو فروغ دیا جائے گا جبکہ 50 کروڑ روپے سے 2790 کنال پر باڑ نصب کی جائے گی تاکہ فصلوں اور باغات کو جنگلی جانوروں سے محفوظ بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ بلیک بیری، انجیر، نیکٹرین، ایوکیڈو، پیکن نٹ اور سیب کے پودے بھی کسانوں کو فراہم کیے جائیں گے۔ وزیر زراعت نے کہا کہ یہ منصوبہ خطہ پوٹھوہار کے کسانوں کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کا خصوصی تحفہ ہے جو زرعی معیشت کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔