زرعی ترقی کیلئے بہترین پیدوار کی حامل اجناس اور لائیوسٹاک کی اعلیٰ نسلوں کے حصول کیلئے جینوم ایڈیٹنگ کا فروغ نا گزیر ہے، وائس چانسلر

174

فیصل آباد ۔ 06 مئی (اے پی پی):زرعی ترقی کیلئے بہترین پیدوار کی حامل اور بیماریوں کے خلاف زیادہ قوت مدافعت رکھنے والی اجناس اور لائیوسٹاک کی اعلیٰ نسلوں کے حصول کیلئے جدید رجحانات بشمول جینوم ایڈیٹنگ کا فروغ نا گزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے جینوم ایڈیٹنگ کے موضوع پر6 روزہ عملی تربیت کے افتتاحی سیشن سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔

ٹریننگ کا انعقاد نیشنل سنٹر فارجینوم ایڈیٹنگ،ڈی 8تحقیقی مرکزاورزرعی بائیو کیمسٹری اینڈ بائیو ٹیکنالوجی سنٹر کے اشتراک سے مرکز اعلیٰ تعلیم خوراک و زراعت کے آڈیٹوریم میں کیا گیا۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسر چ کی مالی معاونت سے جینوم ایڈیٹنگ سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جوکہ زراعت کوجدید ترین جینیاتی سہولیات سے آراستہ کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسر چ ڈاکٹر قراۃ العین نے کہا کہ عصر حاضر میں زراعت کو درپیش بیماریوں کی وجہ سے غذا کا ایک حصہ ضائع ہو جا تا ہے جس کیلئے جدید رحجانات بشمول جینوم ایڈیٹنگ کو پروان چڑھانا ہوگا تاکہ پیداوار میں اضافے سے غذائی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کی معاشی حالت میں بھی بہتری لائی جا سکے۔

ڈاکٹر بابرشہباز نے کہا کہ جینوم ایڈیٹنگ سنٹر کا قیام زرعی ترقی کا ایک نیا باب مرتب کرے گا۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں اربوں روپے کے تحقیقاتی منصوبہ جات پر کام کیا جا رہا ہے جو کہ زراعت کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ڈائریکٹر مرکز برائے اعلی تعلیم خوراک و زراعت ڈاکٹر سلطان حبیب اللہ نے کہا کہ کاشتکاروں کو جدید رجحانات سے روشناس کروا کر ہی زرعی ترقی و خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیرکیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر زیادہ پیداوار کی حامل زرعی اجناس وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جس کے لیے زرعی سائنسدانوں کو اپنی بھر پور کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ڈاکٹر اصغر علی نے کہا کہ موجودہ زرعی نظام کو سائنسی بنیادوں پر استوار کر کے ہی فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔اس موقع پر جرمن سائنسدان ڈاکٹر ہولگر اور امریکی سائنسدان ڈاکٹر ڈینیئل نے بھی جینوم ایڈیٹنگ کے بارے ٹیکنیکل سیشن میں خطاب کیا۔