اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):بینک دولتِ پاکستان کے ذیلی ادارے بینکنگ سروسز کارپوریشن (ایس بی پی -بی ایس سی) کے زیر اہتمام بدھ کواسٹیٹ بینک کے مرکزی دفتر میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا جس میں زرعی مالی خواندگی پروگرام (اے ایف ایل پی) میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے بینکوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔2023ء میں شروع ہونے والا زرعی مالی خواندگی پروگرام (اے ایف ایل پی) ایس …
زرعی مالی خواندگی پروگرام (اے ایف ایل پی) میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے بینکوں کے لئے اعزازات

مزید خبریں
اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):بینک دولتِ پاکستان کے ذیلی ادارے بینکنگ سروسز کارپوریشن (ایس بی پی -بی ایس سی) کے زیر اہتمام بدھ کواسٹیٹ بینک کے مرکزی دفتر میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا جس میں زرعی مالی خواندگی پروگرام (اے ایف ایل پی) میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے بینکوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔2023ء میں شروع ہونے والا زرعی مالی خواندگی پروگرام (اے ایف ایل پی) ایس بی پی- بی ایس سی کا اپنی طرز کا ایک منفرد اقدام ہے جسے سٹیٹ بینک کے شعبہ زرعی قرضہ و مالی شمولیت کا تعاون حاصل ہے۔
پروگرام کا مقصد کسانوں خاص طور پر بینک سے متعارف ہونے والے نئے کسانوں، خواتین، اور محروم طبقات میں مالی خواندگی بڑھانا ہے تاکہ وہ قرضوں کے باضابطہ نظام سے آگاہ ہوں اور قرضوں کے حصول سے متعلق بہتر فیصلے کرسکیں۔اپنے دوسرے سال کے دوران اے ایف ایل پی نے ملک بھر میں اپنی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا اور 6,326 آگاہی سیشن منعقد کئے۔ ان سیشن کے ذریعے 105,000 کسانوں کو بینکاری نظام سے منسلک کرنے میں مدد ملی جن میں 10,740 خواتین کاشتکار بھی شامل تھیں۔ مزید برآں 3,297 سیشن سہولتوں سے نیم محروم اضلاع میں منعقد کئے گئے چنانچہ کم رسائی والے علاقوں میں بھی زرعی خواندگی کا پیغام پہنچایا گیا۔ معیار اور تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے 400 سے زیادہ سیشن ایس بی پی- بی ایس سی کے فیلڈ دفاتر نے اپنی نگرانی میں منعقد کرائے۔اس پروگرام کے انتہائی حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے۔
آگاہی سیشن میں شرکت کے بعد 18,000 سے زائد کسانوں نے زرعی قرضے حاصل کئے اور زرعی قرضوں کی تقسیم کا حجم 21.47 ارب روپے سے تجاوز کر گیا۔ آگاہی سیشن میں شرکت کے بعد قرضہ لینے والے کسانوں کا جو تناسب اس پروگرام کے پہلے سال 4 فیصد تھا وہ دوسرے سال بڑھ کر 17.12 فیصد ہو گیا، یہ اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ آگاہی کو عملی مالی اقدام میں بدلنے کے حوالے سے یہ پروگرام بہت موثر ہے۔سٹیٹ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید ثمر حسنین نے تقریب سے خطاب میں انعام یافتہ بینکوں کو مبارکباد دی اور ان کی مستقل مزاجی اور عملی میدان میں کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ’’مالی شمولیت کی شروعات آگاہی سے ہوتی ہے ، محض رسائی سے نہیں اور آگاہی کو عمل میں بدلنے کی کنجی خواندگی ہے۔تقریب میں سٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایس بی پی- بی ایس سی کے سینئر افسران، بینکاری شعبے کے نمائندوں اور فیلڈ سٹاف نے شرکت کی۔








