ملتان۔ 21 دسمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت کے تحت ملتان میں کاشتکاروں کو زرعی مشینری و آلات کی فراہمی کےلئے قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ حارث عبداللہ نے کہا کہ زرعی مشینری کے استعمال سے توانائی اور وقت کی بچت جبکہ فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب کاشتکار اپنی مرضی کے زرعی آلات منتخب کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشینی زراعت کے فروغ سے کاشتکار زمین کی تیاری سے فصلوں کی کاشت و برداشت تک کاشتی امور کی بروقت انجام دہی ممکن بناسکتے ہیں
موجودہ ترقی یافتہ دور میں پنجاب کے دیہی علاقوں میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جن کی اکثریت کو زراعت کے شعبہ میں متحرک کرناوقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مشینی کاشت پروگرام کے تحت اربوں روپے کی لاگت سے 35 قسم کے زرعی آلات /مشینوں کی خرید کیلئے 60 فیصد تک سبسڈی فراہم کی جارہی ہے اور ایک کاشتکار کو زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ روپے تک سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ تقریب سے سابق ایم پی اے رانا اعجاز احمد نون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکار مبارکباد کے مستحق ہیں۔
ٹرانسفار منگ پنجاب ایگریکلچر پلان وزیر اعلیٰ مریم نوزشریف کا ایک انقلابی منصوبہ ہے جس کے تحت مشینی زراعت کے فروغ سے فصلوں کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔ کاشتکاروں کو سبسڈی پر زرعی آلات و مشینری کی فراہمی کا یہ منصوبہ حکومت پنجاب کی کسان دوست پالیسیوں کا عکاس ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=538287