زرعی و دیگر کیمیکلز کی درآمدات میں 7.05 فیصد اضافہ

ملک میں مالی سال 2026 کے دوران زرعی و دیگر کیمیکلز کی درآمدات میں 7.05 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):ملک میں مالی سال 2026 کے دوران زرعی و دیگر کیمیکلز کی درآمدات میں 7.05 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق جولائی تا جون 2025-26 کے دوران زرعی و دیگر کیمیکلز کی درآمدات 7.05 فیصد اضافے سے 10.234 ارب امریکی ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ درآمدات 9.644ارب امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔اس کے برعکس زیر جائزہ مالی سال کے دوران کھاد (فرٹیلائزر) کی درآمدات میں 11.31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور جولائی تا جون 2025-26 کے دوران 902,949 میٹرک ٹن تیار شدہ کھاد 594.045 ملین امریکی ڈالر مالیت کے ساتھ درآمد کی گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 1.067 ملین میٹرک ٹن کھاد 669.784 ملین امریکی ڈالر مالیت کے ساتھ درآمد کی گئی تھی۔ مالی سال 2026 کے دوران زرعی مشینری اور آلات کی درآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا اور 135.267 ملین امریکی ڈالر مالیت کی زرعی مشینری اور آلات درآمد کیے گئے جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 23.08 فیصد زیادہ ہیں۔پی بی ایس کے مطابق دیگر مشینری کی درآمدات بھی بڑھ کر 2.970 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ 2.308 ارب امریکی ڈالر تھیں۔ اس طرح دیگر مشینری کی درآمدات میں 24.34 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔مجموعی طور پر مالی سال 2025-26 کے دوران مشینری گروپ کی درآمدات میں 5.95 فیصد اضافہ ہوا۔ اس عرصے میں مشینری گروپ کی مجموعی درآمدات 10.919 ارب امریکی ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ 10.307 ارب امریکی ڈالر تھیں۔