فیصل آباد ۔ 23 مئی (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور نارتھ ایسٹ فاریسٹری یونیورسٹی چین کے مابین تعلیم و تحقیق کے میدان میں تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔ اس حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں اور چین کی یونیورسٹی کونسل کے چیئرمین چانگ ژی کن نے کئے۔ پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد سرور خاں، ڈینز ڈاکٹر قمربلال، ڈاکٹر اعجاز بھٹی، ڈاکٹر بابر شہباز، پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ ڈاکٹر محمد جلال عارف، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر جعفر جسکانی، ڈاکٹر ہارون رشید و دیگر بھی موجود تھے۔ مفاہمت کی یادداشت کے فوکل پرسن چیئرمین فاریسٹری زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر عرفان احمد اور چینی ڈین وانگ بو تھے جبکہ کوآرڈی نیٹر زرعی یونیورسٹی کے ڈاکٹر عابد علی اور چین کی لیولیفی تھے۔
معاہدے کے مطابق دونوں جامعات تعاون کی فضا کو فروغ دیتے ہوئے فیکلٹی اور سٹاف کی استعدادکار میں اضافے کے لئے ڈویلپمنٹ پروگرام کا اجراء کریں گی ۔ علاوہ ازیں فیکلٹی، طلباء اور سٹاف کے ایکسچینج کے پروگرام بھی شروع کئے جائیں گے۔ معاہدے کے مطابق دونوں جامعات تحقیق اور نصاب کی تیاری میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ سمپوزیم، سیمینارز، ورکشاپس، لیکچرز اور کانفرنسز کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد چین کی جامعات کے ساتھ بہترین تعلقات برقرار کئے ہوئے ہے اور زرعی یونیورسٹی کے 83فیکلٹی ممبران چین سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر چکے ہیں جبکہ چین کے دو اداروں کے ساتھ زرعی یونیورسٹی ٹو پلس ون کے تحت مشترکہ ڈگری پروگرام بھی چلا رہی ہے
جس میں طلباء پہلے دو سال زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور ایک سال چین سے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری منصوبے سے دونوں ممالک کے تعلقات کو بلندیوں سے ہمکنار کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیمپس پر کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے تحت ہزاروں طلباء چینی زبان سیکھ چکے ہیں۔چانگ ژی کن نے کہا کہ ان کی جامعہ پاکستانی یونیورسٹیوں کے ساتھ روابط کو پروان چڑھانے کے لئے کوشاں ہے تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوتے ہوئے مختلف شعبہ جات میں مزید ترقی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نارتھ ایسٹ فاریسٹری یونیورسٹی کا قیام 1952ء میں عمل میں آیا تھا جس میں وہ باقی مضامین کے ساتھ ساتھ جنگلات اور فاریسٹ انجینئرنگ پرخصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی کاوشوں کو بھی سراہا۔