فیصل آباد۔ 12 فروری (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور ایچ بی ایل زرعی سروسز لمیٹڈ کے مابین اکیڈیمیا انڈسٹری تعلقات کو فروغ دینے کے لئے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔تقریب میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں، صدر اور سی ای او ایچ بی ایل،محمد اورنگزیب، سی ای اوایچ بی ایل زرعی سروسز عامر عزیز سمیت ایچ بی ایل زرعی سروسز کے دیگر سینئر ممبران نے بھی شرکت کی۔معاہدے کے مطابق ایچ بی ایل زرعی سروسز پائیدار زراعت کو فروغ دینے کیلئے زرعی ڈیرہ کو مربوط کرتے ہوئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے تعاون سے پنجاب بھر میں فارم ریسرچ اینڈ ایکسیلنس سینٹرز قائم کرے گا۔ اس سٹریٹجک تعاون کا مقصد مشترکہ کاوشیں عمل میں لاتے ہوئے جدید تحقیق، پائیدارزراعت کے طریقے، پیداوار کو عالمی معیارات سے ہم آہنگ کرتے ہوئے پیداواریت میں اضافہ کو ممکن بنانا ہے۔
مزید برآں، اس تعاون میں یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران کو مختلف تحقیقی منصوبوں میں شامل،یونیورسٹی کے طلباء کو تربیت کی فراہمی اورپراجیکٹ پر مبنی انٹرنشپ کی سہولیات کو پروا ن چڑھایا جائیگا۔ایچ بی ایل زرعی سروسز لمیٹڈ زرعی شعبے پر اس تعاون کے اثرات کو مزید بڑھانے کے لیے مالیاتی شمولیت کی ٹیکنالوجیز اور کسانوں کے ڈیجیٹل شمولیت کے پروگرام متعارف کروائے گا۔ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ یہ ”فارم ریسرچ اینڈ ایکسیلنس سینٹرز پنجاب میں جدید زرعی طریقوں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت کو بے پناہ چیلینجز کا سامنا ہے غذائی خود کفالت کا حصول کو یقینی بنانے اور زراعت کو منافع بخش پیشہ بنانے کے لئے انڈسٹری اکیڈیمیا تعلقات وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ کاشتکار کے حقیقی مسائل کا حل تلاش کرتے ہوئے بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ایچ بی ایل کے صدر اور سی ای او محمد اورنگزیب نے کہاکہ یہ تعاون پاکستان کے زرعی شعبے میں بے پناہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی جانب ایک ٹھوس اور قابل عمل قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل زرعی سروسز لمیٹڈ پاکستان کے زرعی شعبے سے وابستہ لاکھوں افراد کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے پرعزم ہے۔عامر عزیز، سی ای او ایچ بی ایل زرعی سروسز لمیٹڈنے کہایہ تعاون پائیدار اورجدیدزرعی طریقوں کو فروغ دینے، پیداواری صلاحیت بڑھانے، اورکاشتکاروں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر جعفر جسکانی، پرنسپل آفیسر فارم ڈاکٹر عظیم اقبال،ٹریژرر یونیورسٹی عمر سعید قادری، پرنسپل آفیسرتعلقات عامہ ڈاکٹر جلال عارف، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عرفان عباس، ڈائریکٹر فارم ڈاکٹر شاہد ابنِ ضمیر، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز ایچ بی ایل برانچ منیجرزرعی یونیورسٹی سفیان احمد اور دیگر معززین نے شرکت کی۔