زمبابوے کے خلاف جیت کا تسلسل برقرار رکھیں گے، ایک دم سے تبدیلیاں نہیں کر سکتے، روٹیشن پالیسی اپنائیں گے، مصباح الحق

58
زمبابوے کے خلاف جیت کا تسلسل برقرار رکھیں گے، ایک دم سے تبدیلیاں نہیں کر سکتے، روٹیشن پالیسی اپنائیں گے، مصباح الحق
زمبابوے کے خلاف جیت کا تسلسل برقرار رکھیں گے، ایک دم سے تبدیلیاں نہیں کر سکتے، روٹیشن پالیسی اپنائیں گے، مصباح الحق

ہرارے۔20اپریل (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ زمبابوے کے خلاف جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے ، جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی سے قومی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، نئے کھلاڑیوں کے لئے کچھ کر دکھانے کا بہترین موقع ہے، ایک دم سے بہت سی تبدیلیاں نہیں کر سکتے، روٹیشن پالیسی اپنائیں گے، شاہین شاہ آفریدی پر گہری نظر ہے، جہاں ضرورت پڑی ان کو آرام کا موقع دیں گے۔ منگل کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ بڑی ٹیم کو اسی کی سرزمین پر شکست دینے سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوتا ہے، زمبابوے جیسی ٹیموں کے خلاف کارکردگی کا زیادہ دبائو ہوتا ہے اور لوگوں کی توقعات زیادہ ہوتی ہیں،

زمبابوے کے پاس کھونے کو کچھ نہیں میزبان ٹیم اپنی کنڈیشنز سے آگاہ اور موقع کی تلاش میں ہوگی۔ زمبابوے کے خلاف جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے ، کھلاڑیوں کو پتہ ہے کہ ذرا سی غلطی ہمارے لئے نقصان دہ ہوسکتی ہے۔ زمبابوے کی کنڈیشنز جنوبی افریقہ سے مختلف ہیں اور امید ہے پاکستان کی وکٹوں سے ملتی جلتی ہوں گی۔ مصباح الحق نے کہا کہ جن کھلاڑیوں نے کارکردگی دکھائی ہے ان کے لئے عمدہ کھیل کا مظاہرہ جاری رکھنے جبکہ نئے لڑکوں کے لئے کچھ کر دکھانے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ میچ جیتنا سب سے اہم ہے کیونکہ ہار جائیں تو لوگ باتیں کرتے ہیں۔

انہو ںنے کہا کہ ایک دم ساری تبدیلیاں نہیں کرسکتے، روٹیشن پالیسی اپنائیں گے، نئے لڑکوں کو مواقع تو دیں گے مگرمتوازن کمبی نیشن بھی بنانا اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی پر ہماری گہری نظر ہے اسے جہاں ضرورت ہو گی آرام دیں گے۔ ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹیم میں کئی نئے کھلاڑی شامل ہیں، ان کو مواقع دے کر مستقبل کے لئے تیار کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں کارکردگی دکھانے والوں میں سے بھی کسی کی ضرورت ہوئی تو اسے ضرور زیر غو رلائیں گے۔ ایک یا دو نوجوان کھلاڑیوں کو ضرور ٹیم میں موقع دیا جائے گا۔