زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز میں جیت کے لئے پراعتماد ہیں‘ مثبت اور معیاری کرکٹ کھیلیں گے‘ کپتان بابر اعظم کی پریس کانفرنس

راولپنڈی۔6نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز میں جیت کے لئے پراعتماد ہیں‘ مثبت کرکٹ کھیلیں گے اور معیاری کرکٹ دیکھنے کو ملے گی‘ ہمارے پاس اچھے کھلاڑی موجود ہیں انہیں ساتھ لے کر چلیں گے‘ کوشش ہوگی کہ ایک روزہ کرکٹ کی طرح ٹی 20 میں بھی اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے‘ کھلاڑیوں کو اعتماد دے کر ہی ان سے اچھی پرفارمنس لی جاسکتی ہے۔ ہم اچھے کمبی نیشن سے ٹیم کھلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز سے قبل پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ کپتان بابر اعظم نے کہا کہ شاداب خان پہلے ٹی 20 میچ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے لیکن ہماری کوشش ہوگی کہ وہ مکمل فٹ ہوکر سیریز کے باقی میچوں میں شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں ہم نے باولنگ اور بیٹنگ میں مختلف کمبی نیشن کو آزمایا۔نوجوان کھلاڑیوں نے کافی اچھی پرفارمنس دکھائی ۔ محمد حسنین‘ خوشدل شاہ‘ محمد موسی اچھا پرفارم کرکے آئے ہیں اسی بناءپر انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ہمیں اپنے نوجوان کھلاڑیوں کو بھرپور موقع فراہم کرنا چاہیے۔ انہیں اعتماد دے کر ہی اچھی پرفارمنس لی جاسکتی ہے۔ ون ڈے سیریز میں ہمارا اختتام اچھا نہیں تھا لیکن ٹی 20 سیریز کے لئے کھلاڑی پراعتماد ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم کے لئے جو اچھا کمبی نیشن ہوتا ہے وہی کھلایا جاتا ہے۔ ہم سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے امتزاج کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ راولپنڈی کی وکٹ میںسپنر کو زیادہ مدد نہیں ملتی اس وجہ سے ہم 4 فاسٹ باولرز اور ایک سپنر کے ساتھ کھیلے۔ محمد حفیظ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور شعیب ملک کو آرام کا موقع دیا گیا ہے‘ ان کی جگہ نوجوان کھلاڑی کو موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے عبداللہ شفیق اچھا پرفارم کریں گے۔ آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ میری پہلی ترجیح قومی ٹیم ہے۔ جب ٹیم کا مقصد پورا ہو جائے تو ذاتی اہداف بھی حاصل ہو جاتے ہیں۔ کپتان بابر اعظم نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی ہمارے اہم باولر ہیں۔ وہ جتنا زیادہ کھیلیں گے اتنا بہتر ہوں گے اور اتنا ہی زیادہ تجربہ حاصل ہوگا۔ شاہین شاہ آفریدی کی باﺅلنگ لاجواب ہے اور میں انہیں گیند کرتے دیکھ کر لطف اندوز ہوتا ہوں۔ بابر اعظم نے کہا کہ ہم کسی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھتے ‘ پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ بعد ازاں زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان چھامو چھیبابا نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ فارمیٹ چاہے کوئی بھی ہو ہم ایک ٹیم کی حیثیت سے آگے بڑھتے ہوئے مزید میچز جیتنا چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں زمبابوے کے کپتان نے کہا کہ ٹیم کمبی نیشن کے حوالے سے ابھی بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں ہماری ٹیم نے پاکستان ٹیم سے اچھا کھیل کر فتح حاصل کی اور اب ہم پر ہے کہ ہم اس جیت کے معیار برقرار رکھیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ 22 سال سے پاکستان کو پاکستان میں کبھی بھی شکست نہیں دی لیکن زمبابوے کی ٹیم اچھے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ہم سیریز میں فتح کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جب ایک ٹیم بن کر اور اپنے آپ پر اعتماد کرکے کھیلیں تو کچھ بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ کیمپ میں کھلاڑیوں کی توجہ فتح پر مرکوز ہے۔ زمبابوے کے خلاف پاکستان نے ون ڈے سیریز میں 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔ سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ آخری ایک روزہ میچ میں زمبابوے نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد سپر اوور میں پاکستان کو شکست دی۔ دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹی 20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ ہفتہ کو راولپنڈی سٹیڈیم میں ہوگا۔