اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):جے ایس بینک کے ڈیجیٹل بینکنگ اقدام "زندگی”، دی کنگز ٹرسٹ انٹرنیشنل اور پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن (پیج) نے نوجوان لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے لئے اپنی کوششوں کو مزید وسعت دیتے ہوئے دی اچیو پروگرام کے اگلے مرحلے کا آغاز کرنے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں، یہ پروگرام ایک سماجی اور جذباتی تدریسی منصوبہ ہے جس کا مقصد نوجوان لڑکیوں کو خود اعتمادی، ابلاغ عامہ، اور روزمرہ کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت جیسی زندگی کی بنیادی مہارتیں فراہم کرنا ہے۔ 2023میں اپنے پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی کے بعددی اچیو پروگرام نے اسلام آباد اور سوات کے تین سکولوں میں زیرتعلیم 100 سے زائد کم وسائل والی طالبات کو بااختیار بنایا ہے جبکہ نئے مرحلے کے تحت اب مزید 200 طالبات کو اس پروگرام سے مستفید کیا جائے گا۔
زندگی میں پیپل اینڈ کلچرکی سی ای اسماء انور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ”ہم دی کنگز ٹرسٹ انٹرنیشنل پاکستان اور پیج کے ساتھ اپنے اشتراک کو مزید مضبوط کرنے پر خوش ہیں، یہ اقدام پاکستانی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے ہمارے مشن سے ہم آہنگ ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ ایک پائیدار ماڈل تیار کرے گا جو نوجوان لڑکیوں کو کامیاب ہونے کے لئے ضروری تعلیم اور مہارتیں فراہم کرے گا۔ پیج کی سی ای او اور ایم ڈی فجر رابعہ پاشا نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم دی اچیو پروگرام کو مزید پسماندہ پس منظر سے تعلق رکھنے والی نوعمر طالبات تک پہنچارہے ہیں۔ نویں جماعت میں لڑکیوں کی پریشان کن ڈراپ آئوٹ شرح 10.5فیصد ہے،ایسے وقت میں ایسے اقدامات کی اور بھی زیادہ ضرورت ہے۔
زندگی ٹرسٹ اور دی کنگز ٹرسٹ انٹرنیشنل کے ساتھ ہماری شراکت داری ان طالبات کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرنے اور مستقبل کے رہنماء بننے کاموقع دے رہی ہے۔دی کنگز ٹرسٹ انٹرنیشنل کے ہیڈ آف پروگرامزبرائے ایشیا و مشرق وسطیٰ وسیم ملک نے کہا کہ زندگی کے تعاون سے شروع کئے گئے ’دی اچیو‘ پائلٹ پروگرام نے طالبات کو رسمی تعلیم سے منسلک کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں زندگی کی دیگر مہارتوں سے بھی آراستہ کیا ہے۔ جن شرکاء کا سروے کیا گیا، ان میں سے97فیصد نے ٹیم ورک اور زندگی کی مہارتوں کو فروغ دینے کے لئے دوسروں کے ساتھ کام کرنے میں زیادہ آرام محسوس کیا۔
تمام شرکا نے اپنی خود اعتمادی کو ظاہر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دی اچیو پروگرام میں شرکت نے ان میں سکول جانے کی خواہش کو بڑھایا ہے جبکہ اساتذہ نے تدریس کے طریقے میں مثبت تبدیلی کے بارے میں بتایا۔ وسیم ملک نے مزید کہا کہ اس حمایت پر دی کنگز ٹرسٹ انٹرنیشنل کی جانب سےJS بینک کے زندگی اور پیج کی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ زندگی اور جے ایس بینک کی جانب سے نوجوان لڑکیوں کو تعلیم اور کیریئر میں کامیابی دلانے کا عزم لائق تحسین ہے۔