زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی کے قیام کو نئے پاکستان کی بنیاد قرار دے دیا، اپنے گھر کا خواب پورا ہو گا، خواتین

93

اسلام آباد ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بالخصوص خواتین نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گھر افراد کے لئے گھر ایک خواب تھا، وزیراعظم عمران خان کے اس اعلان کے بعد معاشرے کے محروم طبقات میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سکول ٹیچر صائمہ خالد جمعرات کو ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے اس میگا ہاﺅسنگ کا اعلان کر کے اس نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے جس کی انتخابات کے دوران امید دلائی گئی تھی۔ صوبیہ اعجاز نامی گھریلو خاتون نے بتایا کہ اس اعلان نے ان چہ مگوئیوں کا خاتمہ کرایا ہے جو موجودہ حکومت اور اس کی قیادت کے خلاف گزشتہ چند روز سے کی جا رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمارا بھی گھر کا خواب پورا ہو سکے گا۔