لاہور۔26ستمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے زیراہتمام سٹیم ایمبیسڈر پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔تقریب میں وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر شگفتہ ناز، چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل نجیب ہارون، کنوینیئر پاکستان انجینئرنگ کونسل ڈویلپمنٹ کمیٹی انجینئر میر مسعود راشد، سابق ممبر صوبائی اسمبلی ثانیہ کامران، ڈیننز، ماہرین تعلیم اور طلبا کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل قومی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل گریجویٹ انٹرن شپ پروگرام طلبا کو کام کا معیاری تجربہ فراہم کر رہا ہے جو کہ نہ صرف مستقبل کی سرمایہ کاری ہے بلکہ انجینئرنگ سیکٹر کی ترقی میں قابلِ قدر حصہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل نے ملک میں انجینئرنگ کو فروغ دینے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی اہمیت دنیا کی ترقی میں مسلمہ حقیقت بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سٹیم کے تحت نوجوانوں میں سائنسی علوم کے فروغ کے لیے مختلف تعلیمی اداروں میں سرگرمیوں کا انعقاد قابل تعریف ہے۔انہوں نے اس موقع پر یقین ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام یونیورسٹیوں اور سکولوں کو آپس میں مل کر کام کرنے اور بچوں کو سٹیم کی تعلیم کے رجحان کو بڑھانے میں یقینا مدد گار ثابت ہوگا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا بہت ضروری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج خواتین ملک میں انجینئرنگ سمیت ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا کام طلبا ءمیں تجزیاتی، اور تحقیق کرنے کی صلاحیتوں کی آبیاری کرنا ہے۔
اس موقع پر خطاب کے دوران گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ بطور چانسلر یونیورسٹیوں میں اس حوالے سے ایک کنسورشیم بھی بنایا ہے۔ انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ ہر چیز پر تحقیق کی عادت کو اپنا شعار بنائیں اورسوشل میڈیا پر بھی کوئی پوسٹ آگے بھیجنے سے پہلے مکمل تحقیق کریں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سوچ اپنانی چاہئے۔ ملک کا مستقبل نوجوان سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور سائنسی علوم سیکھنے چاہئیں تاکہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپناحصہ ڈال سکیں۔ گورنر پنجاب نے تقریب کے آخر میں سٹیم پروگرام کے تحت تقریری مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے سکولوں کے بچوں میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے ۔