سائنس و ٹیکنالوجی انوویشن پالیسی کی کابینہ سے منظوری اہم پیش رفت ہے، اسلام آباد کے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال ہوگا، وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز کی صحافیوں سے گفتگو

74
پاکستان سائنس ایکسپو سے بین الاقوامی سطح پر ملک کا مثبت پیغام جائے گا، نمائش اداروں ا ور تنظیموں کو اپنی کامیابیاں پیش کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرے گی،وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی انوویشن پالیسی کی کابینہ سے منظوری ایک اہم پیش رفت ہے، پاکستان حلال فوڈ اتھارٹی، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس اور وزارت کے دیگر اداروں کو موثر اور فعال بنایا جائے گا اور ان کے قواعد وضوابط کو موجودہ دور کے تقاضوں کے ہم آہنگ بنایا جائے گا،

نجی اور سرکاری شعبہ کے درمیان اشتراک بڑھایا جائے گا، ہم اب تھیوری سے عملی کام کی طرف جارہے ہیں، سائنس و ٹیکنالوجی میں تحقیق برائے تحقیق نہیں ہوگی بلکہ ہم اب اپلائیڈ ریسرچ کی طرف جارہے ہیں، حکومت انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی لانے کے لئے پرعزم ہے، اسلام آباد کے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال ہوگا۔

بدھ کو یہاں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات کو تنازعات سے پاک کرنے کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کا استعمال ضروری ہے، الیکشن کمیشن کے میعار کے مطابق ای وی ایم تیار کی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے انتخابات کا شفاف انعقاد ضروری ہے،

ملک کی ترقی کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب جانا ہوگا، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے اداروں کو فعال بنایا جائے گا تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکیں، پاکستان ماضی میں ٹیکسٹائل پر انحصار کرتا رہا ہے تاہم اب سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ کی برآمدات کو بڑھایا جائے گا تاکہ ملکی معیشت کو مضبوط کیا جاسکے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، ای وی ایم کے استعمال سے آئندہ انتخابات غیر متنازعہ اور سب کے لئے قابل قبول ہونگے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تقاضوں کے مطابق بنایا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے سافٹ ویئر کو اعلیٰ میعار کے مطابق بنایا گیا ہے، وزرات سائنس و ٹیکنالوجی نے پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کے اراکین، چیمبر آف کامرس اور یونیورسٹیز میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا عملی مظاہرہ کرایا، الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف ہونے سے ملک کی انتخابی تاریخ بدل جائے گی اور اس سے صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل سائنس ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا ہے جو ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا جبکہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی کا مرکز بن جائے گا۔

سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا ایک اہم ادارہ ہے جو ملک کی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کررہا ہے، ادارے کو فعال بنانے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں خودکفیل اور وزارت کے ماتحت اداروںکو فعال بنانے کے لئے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں، سماجی اور اقتصادی ترقی میں سائنس و ٹیکنالوجی کا اہم کردار ہے، نوجوانوں کو نئی ٹیکنالوجیز میں تربیت دینے کیلئے کام کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں اور موجودہ حکومت انہیں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور مہارتوں سے آراستہ کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان حلال فوڈ اتھارٹی، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس اور وزارت کے دیگر اداروں کو موثر اور فعال بنایا جائے گا اور ان کے قوائد وضوابط کو موجودہ دور کے تقاضوں کے ہم آہنگ بنایا جائے گا، نجی اور سرکاری شعبہ کے درمیان اشتراک بڑھایا جائے گا جبکہ سائنس و ٹیکنالوجی کے اداروں کو فعال بنانے کے نتےجے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔