اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سائنس و ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ملکی جامعات پر زور دیا ہے کہ ان شعبوں میں اعلیٰ پائے کے گریجویٹس تیار کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے۔
جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ انہیں خلا، فلکیات اور سائنس میں بچپن سے ہی دلچسپی رہی ہے تاہم اس دور میں ستارے شہروں سے بھی دیکھےجاسکتے تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان 1962 میں راکٹ لانچ کرنےوالا پہلا ایشیائی ملک بنا۔
انہوں نے کہا کہ میں جامعات کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجنیرنگ و میتھ اور آئی ٹی کے اعلیٰ پائے کے گریجوایٹس تیار کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں اسکی طرف فوری توجہ دینی چاہئے۔
صدر مملکت نے ٹویٹ میں ایرو اسپیس، سائنس اور انجینئرنگ کے بارے میں بین الاقوامی کانفرنس سے اپنے خطاب کا لنک بھی شیئر کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی کو اپنانا اور چوتھے صنعتی انقلاب کی تیاری پاکستان کے لیے خوشحالی کے اہداف کے حصول کا بہترین راستہ ہے۔