اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):سابق انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے پاکستان کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیم قرار دے دیا ہے۔ یو اے ای میں جاری آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
قومی کھلاڑیوں نے اپنی بہترین پرفارمنس سے جہاں ناقدین کو خاموش کرادیا ہے وہیں سابق انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے انہیں ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیم قرار دے دیا ہے۔ بھارت کے سابق کرکٹر گوتم گمبھیر نے کہا کہ پاکستان کی بائولنگ اس ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں سب سے مضبوط ہے۔ پاکستان کا بائولنگ اٹیک انہیں ٹرافی بھی جیتوا سکتا ہے۔
شاہین آفریدی نئی گیند سے اچھی بائولنگ کروا رہے ہیں جبکہ حارث رئوف کے پاس رفتار بھی ہے اور وہ مشکل اوورز میں بائولنگ کر رہے ہیں۔ سابق بھارتی کرکٹر اجیت اگرکر نے کہا کہ پاکستان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتنے کے لئے فیورٹ ہے۔ پاکستان ٹیم بائولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھا رہی ہے۔
شاہین آفریدی اتنی کم عمر میں بائولنگ کو لیڈ کر رہے ہیں۔ سابق انگلش کرکٹر کیون پیٹرسن نے کہا کہ اس ورلڈکپ میں صرف پاکستان اور افغانستان اس پوزیشن میں ہیں کہ وہ باآسانی انگلینڈ کو شکست دے سکیں۔