لندن۔5اگست (اے پی پی):انگلینڈ کے سابق لیجنڈ کرکٹر گراہم تھارپ 55 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ تھارپ نے 1993ء سے 2005ء کے دوران انگلینڈ کی طرف سے 100 ٹیسٹ میچز اور 82 ون ڈے انٹرنیشنل میں ملک کی نمائندگی کی۔ اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے 2010ء میں انگلش ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے طور پر کام کیا اور 2019ء کا مینز ورلڈ کپ جیتنے والی انگلش ٹیم کے آفیشل سٹاف کا بھی حصہ رہے۔
تھارپ 2022 ء میں افغانستان کے ہیڈ کوچ کے طور پر نامزد کیے جانے کے فوری بعد سنجیدہ نوعیت کی بیماری میں مبتلا ہوگئے۔ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے سٹائلش کرکٹر تھارپ نے 44.66 کی بہترین اوسط سے 6744 ٹیسٹ رنز بنائے جن میں 16 سنچریاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے سرے کائونٹی کی طرف سے 1988ء سے 2005 ء تک کھیلتے ہوئے 20 ہزار رنز سکور کئے۔ ای سی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ گراہم تھارپ کی وفات کا سن کر شدید صدمہ ہوا، یہ ہمارے لئے بہت بڑانقصان ہے، ان کا خلا پر کرنا مشکل ہے، وہ انگلینڈ کے بہترین کرکٹرز میں سے ایک تھے۔