مریدکے۔12 اگست (اے پی پی )سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے 20 کروڑ عوام اس کے اصلی مالک ہیں، چند لوگ پاکستان کے مالک نہیں ہو سکتے‘ ملک کا عوام کو مالک بنائیںگے، میرے خلاف ایک پائی کی کرپشن‘ کمیشن‘ خوردبرد یاہیرا پھیری کا کوئی ثبوت نہیںہے، عوام نے نواز شریف کو وزیر اعظم بنا کر اسلام آباد بھیجا تو نکال کسی اور نے دیا، اگر نواز شریف نے کرپشن کی ہوتی تو اسے کان سے پکڑ کر باہر نکال دیتے اور میری آنکھ بھی شرم سے نہ اٹھ سکتی۔ وہ ہفتہ کے روز مریدکے پہنچنے پر استقبال کرنیوالے کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خواجہ آصف‘ رانا تنویر‘رانا افضال سمیت دیگر لیگی رہنما بھی موجود تھے۔