سابق ڈی جی پاکستان سول ایوی ایشن کی تنخواہ و مراعات کیلئے درخواست پر سیکرٹری ڈیفنس کو ایک ہفتہ میں فیصلہ کرنے کا حکم

84

لاہور۔11فروری (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے سابق ڈی جی پاکستان سول ایوی ایشنکیتنخواہ اور مراعات کے لیے درخواست پر سیکرٹری ڈیفنس کو ایک ہفتہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا اور درخواست نمٹا دی ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس تنویر سلطان نے کیس کی منگل کو سماعت کی ۔ سابق ڈی جی پی سی اے اے کیپٹن ندیم خان یوسفزئی نے ایڈووکیٹ نبیل جاوید کاہلوں کے توسط سے درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں پی سی اے اے، پی آئی اے اور وفاقی حکومت کو سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن کے ذریعے فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار 9 ستمبر 2010 سے 16 فروری 2011 تک ڈی جی پی سی اے اے اور ایم ڈی پی آئی اے رہے۔

درخواست گزار عہدوں پر تعیناتی کے دوران تنخواہ اور مراعات کے حقدار ہیں۔درخواست گزار کے 46 لاکھ 82 ہزار 387 روپے پی سی اے اے کی طرف واجب الادا ہیں،پی سی اے اے اور پی آئی اے ان کے قانونی حق کی ادائیگی سے گریزاں ہیں،بقایا جات کی ادائیگی نہ کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، عدالت سے استدعا کی گئی کہ عدالت پی سی اے اے کو منافع سمیت ادائیگی کے احکامات جاری کرنے کا حکم دے۔