سات روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کل سے ہوگا

134

فیصل آباد۔ 26 نومبر (اے پی پی):سات روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کل سے ہوگاجو3دسمبر تک جاری رہے گی جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 15 لاکھ 36 ہزار 770بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے مجموعی طور پر 4869 پولیو ٹیمیں ڈیوٹی پر مامور ہونگی۔

ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں کمشنر سلوت سعید نے ڈپٹی کمشنرز کو خود مہم کی نگرانی کرنے کا ٹاسک تفویض کیا ہے اور انہیں کہا گیا ہے کہ پولیو کا ہرراؤنڈ اہمیت کا حامل ہے لہٰذا اپنی ذمہ داریاں کماحقہ پوری کریں اوردوران مہم والدین کی آگاہی کے لئے تمام تر تشہیری ذرائع بروئے کار لائے جائیں تاکہ ان میں احساس ذمہ داری برقرار رہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو پولیو فری بنانا ترجیح ہے اور باربار مہم کو دہرانے کامقصد اس وائرس کا یکسر خاتمہ کرنا ہے۔

انہوں نے والدین سے بھی اپیل کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور گھر گھر آنے والی پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو بھی ہدایات دی گئیں ہیں کہ مائیکروپلان پرذمہ داری سے عمل کیا جائے اور سابقہ تجربات کو مدنظر رکھا جائے۔