اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ سافٹ ڈرنکس صحت کیلئے سودمند نہیں ہیں، موٹاپے کی وجہ سے دل کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے جو کہ تشویشناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ غیر صحت مند سرگرمیاں دل کے امراض کا باعث بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مشروبات جن میں بہت زیادہ چینی بھر دی جاتی ہے وہ صحت کیلئے نقصان دہ ہیں، ان مشروبات سے موٹاپا بڑھتا ہے، ہماری کچھ عادات ہیں جو اپنا کر ہم اپنی صحت کو بہتر طریقے سے گزار سکتے ہیں، جس طرح اگر ہم تمباکو نوشی کے استعمال کو کم کر دیں تو ہماری صحت پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مشروبات کے استعمال سے موٹاپا بڑھتا ہے، اس کے اثرات معاشرے پر اس طرح پڑتے ہیں کہ ذیابطیس کے مریضوں میں اضافہ ہوتا ہے، اس وقت 38 ملین لوگوں کو شوگر کا مرض ہے جس کی بڑی وجہ موٹاپا ہے اس وجہ سے ان کا علاج زیادہ مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات پر آپ کے شکرگزار ہیں کہ آپ اس پیغام کو آگے لے کر جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ان مشروبات کو استعمال کم کرتے ہیں تو اس کا صحت پر ایک مثبت اثر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر صحت عامہ کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں اس حوالہ سے کچھ پیغامات بھی دیئے گئے جس طرح واک کرنا، ورزش کرنا، لفٹ کی بجائے سیڑھیاں چڑھنا زیادہ بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی صحت کے ذریعے ہی صحت مند معاشرہ بن سکتا ہے۔