سال کی آخری انسدادِ پولیو شروع ، 4 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا ئے جائیں گے،عائشہ رضا فاروق

129
Ayesha Raza Farooq
Ayesha Raza Farooq

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ پیر سے 22 دسمبر تک ملک کے 143 مخصوص اضلاع میں 2024 کی آخری انسدادِ پولیو شروع ہو گئی ہے، 4 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کاہدف مقرر کیاگیاہے۔

پیر کو قومی انسداد پولیو پروگرام سے جاری یبان کے مطابق عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ 16 سے 22 دسمبر تک ملک کے 143 مخصوص اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری رہے گی۔ مہم کے دوران 4 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ 16دسمبر سے سال 2024 کی آخری انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ عائشہ رضا فاروق نے کہاکہ ہمارا عزم ہے کہ 5 سال تک کی عمر کے تمام بچوں تک ویکسین کی رسائی ممکن بنائی جائے۔ میں ایک ماں کی حیثیت سے آپ سے اپیل کرتی ہوں کہ پولیو ورکرز کے لئے اپنے دروازے کھولیں۔

انہوں نے کہاکہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرےلازمی پلوائیں۔ پولیو ویکسین مکمل طور پر محفوظ، مؤثر اور بالکل مفت فراہم کی جاتی ہے۔ پولیو سمیت دیگر مہلک بیماریوں سے تحفظ کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات کا مکمل کورس کروانا بے حد ضروری ہے۔

عائشہ رضا فاروق نے کہاکہ مشکل حالات میں خدمات انجام دینے والے بہادر فرنٹ لائن ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔پولیو کے خلاف جاری جدوجہد میں ہمارے فرنٹ لائن ورکرز حقیقی ہیرو ہیں۔