سال 2022ء کے دوران پاکستان کی کل آبادی 22 کروڑ 92 لاکھ 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ، اقتصادی سروے

55
رواں مالی سال کے دوران صحت کے شعبہ میں اخراجات سب سے زیادہ مجموعی قومی پیداوار کا 1.4 فیصد رہے، اقتصادی سروے

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):سال 2022ء کے دوران پاکستان کی کل آبادی 22 کروڑ 92 لاکھ 20 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے۔

جمعرات کو جاری کئے گئے اقتصادی سروے کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پاپولیشن سٹڈیز کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت پاکستان میں 8 کروڑ 46 لاکھ 90 ہزار افراد شہری علاقوں جبکہ 14 کروڑ 45 لاکھ 30 ہزار دیہی علاقوں میں رہائش پذیر ہیں۔ ملک میں مردوں کی تعداد 11 کروڑ 71 لاکھ جبکہ خواتین کی آبادی 11 کروڑ 21 لاکھ سے زائد ہے۔ 2017ء کی مردم شماری کے مطابق پاکستان کی کل آبادی 20 کروڑ 76 لاکھ 80 ہزار تھی۔