سال 2025 کیلئے پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز، مہم کے دوران 26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائینگے، گورنر جعفرخان مندوخیل

56

کوئٹہ۔ 04 فروری (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ بچے ہمارے ملک کا مستقبل ہیں۔ اس سلسلے میں آپ اپنے بچوں کو بر وقت پولیو کے قطرے پلا کر زندگی بھر کی معذوری سے بچا سکتے ہیں۔ ضروری ہے کہ اپنے ملک اور صوبے کو اس مہلک مرض سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور ویکسین کے حوالے سے کسی قسم کی منفی افواہوں پر کان نہ دھریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو گورنر ہاؤس کوئٹہ میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری ربابہ بلیدی، چائلڈ سروائیول اینڈ ڈویلپمنٹ منیجر یونیسیف محمد امیری، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر امین مندوخیل، ڈی ایچ او کوئٹہ ڈاکٹر ایمل پولیو ٹیم کی قیادت یونیسیف بلوچستان شاہ پور سلیمان کررہے تھے۔ واضح رہے کہ منگل کو گورنر بلوچستان نے سال 2025 کے لیے پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا جسکے دوران 26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے اس مہم میں 11 ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

گورنر بلوچستان نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ پولیو ٹیموں کی مکمل حفاظت کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں اور تمام والدین پر زور دیا کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور ہر مہم میں اپنے بچوں کو قطرے پلانے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس گندگی سے پھیلتا ہے اسلیے صفائی کا بہت خیال رکھیں۔ صحتمند زندگی اور محفوظ مستقبل کے لیے اس مہم میں اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانا ہم سب کا فرض ہے۔