سانحہ آرمی پبلک سکول کی برسی، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا شہدا کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے اے پی ایس کے معصوم شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے پی ایس کے بچوں کی قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں۔سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کی برسی کے موقع پر وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام نے اپنے بیان میں کہا کہ معصوم بچوں پر …

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے اے پی ایس کے معصوم شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے پی ایس کے بچوں کی قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں۔سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کی برسی کے موقع پر وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام نے اپنے بیان میں کہا کہ معصوم بچوں پر حملہ درحقیقت پوری انسانیت پر حملہ تھا، جس نے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم آج بھی شہدا اے پی ایس کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے دکھ کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اے پی ایس کے شہدا نے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو نئی قوت بخشی اور پوری قوم کو یکجا کر دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے امن کے دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہدا اے پی ایس کی قربانیاں ہمیں اتحاد، حوصلے اور استقامت کا درس دیتی ہیں اور یہ قربانیاں ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتی رہیں گی۔وفاقی وزیر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے شہدا کے درجات کی بلندی اور ان کے لواحقین کے لئے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے شہدا کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔