سانحہ 9مئی ملک کی سلامتی اور ترقی کے خلاف سازش تھی، وزیر صنعت و تجارت پنجاب

لاہور۔9مئی (اے پی پی):وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین نے کہاہے کہ سانحہ 9مئی ملک کی سلامتی اور ترقی کے خلاف سازش تھی،بہادر افواج ہماری جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہیں،مسلح افواج کی قربانیوں کے باعث ہی ہم آج اس مقام پر کھڑے ہیں۔

انہوں نے جمعرات کو گورنمنٹ سویڈش پاکستانی کالج آف ٹیکنالوجی اور گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف سرامکس کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ سال 9مئی کو جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، ہم آزاد ملک میں رہ رہے ہیں، ہمیں آزادی کی نعمت کی قدر کرنی چاہیے۔ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری آرہی ہے، ملک کی ترقی کے لئے مل کر آگے بڑھنا ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 20سال سے سرامکس کالج بند ہے،اربوں روپے کی لاگت سے بننے والا سرامکس کالج کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔ملک اس طرح بے دردی سے قومی وسائل کے ضیاع کا متحمل نہیں ہو سکتا۔کالج کو سرامکس کے ماہرین کی مشاورت سے بحال کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کالج کی عمارت کاانجینئرنگ کونسل سے سروے کرانے کا حکم دیا اور کالج کی بحالی کے لئے جامع پلان طلب کیا۔صوبائی وزیر نے گورنمنٹ سویڈش پاکستانی کالج آف ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور کالج کے مختلف شعبوں کی لیبز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کالج کی لیبز کو مزید اپ گریڈ کرنے کا پلان طلب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ بعض کالجزمیں پیسے لے کر سرٹیفکیٹس کے اجرا کا جاری کاروبار بند کرائیں گے۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل سرفراز احمدنے ادارے کے تدریسی عمل، کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے معیار اور اداروں کی لیبز کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے۔کالجوں اور یونیورسٹیوں میں انرولمنٹ بڑھانے اور تعلیم کے معیار کی بہتری کے لئے ایکٹ میں ترمیم کی جارہی ہے۔اس موقع پر سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن،کالجز کی انتظامیہ، اساتذہ اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔