اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی)عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ساڑھے چار سال بعد یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی ملک اور عوام کیلئے صحیح معنوں میں خوشخبری ہے، آج کے دن اہل پاکستان کو دو خوشخبریاں ملیں۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سال بعد قومی ایئر لائن کی پیرس روانگی اہم ہے، موجودہ حکومت نے عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو بہتر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر میں بھی چھ ماہ میں 33 فیصد اضافہ خوش آئند ہے، ترسیلات زر کا 3 ارب ڈالر ماہانہ ہونا ملکی معیشت کو مزید بہتر کرے گا، ملکی برآمدات کو ماہانہ پانچ ارب ڈالر کے ہدف تک پہنچایا جانا ضروری ہے۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ترسیلات زر کا آنا اور برآمدات کے بڑھنے سے غیر ملکی زرمبادلہ میں بہتری آئے گی، روپے کی قدر میں استحکام اور مزید بہتری آسکتی ہے۔