ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام پانچویں 2روزہ ساہیوال ادبی و ثقافتی کانفرنس کے انعقاد کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے، ڈاکٹر ریاض ہمدانی

139

ساہیوال۔ 13 دسمبر (اے پی پی):ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام پانچویں 2روزہ ساہیوال ادبی و ثقافتی کانفرنس کے انعقاد کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جس میں اندرون و بیرون ممالک سے اردو ادب کے مایہ ناز ادیب، محقق اور دانشور شرکت کریں گے۔ یہ کانفرنس 19اور20دسمبر کو جناح ہال میں منعقد ہوگی اور کانفرنس کے اختتام پر شرکاء کو خصوصی طور پر ملکہ ہانس میں وارث شاہ مسجد اور پاک پتن میں بابا فرید گنج شکر کے مزار کا بھی دورہ کرایا جائے گا۔

یہ بات ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے کمشنر آفس میں منعقدہ ایک خصوصی اجلا میں کمشنرساہیوال/چیئرمین ساہیوال آرٹس کونسل شعیب اقبال سید کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال کانفرنس کا عنوان ”مصنوعی ذہانت، ادب اور ثقافت“ (مسائل، خطرات اور امکانات) ہے جس پر محققین اپنے مقالہ جات پیش کریں گے۔ کانفرنس کے مختلف سیشنز کی صدارت ممبر قومی اسمبلی پیر سید عمران احمد شاہ، ارکان صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم اور محمد ارشد ملک بھی کریں گے۔

کانفرنس کا افتتاح کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کریں گے جبکہ صدارت ڈاکٹر انوار احمد، ڈاکٹر نجیب جمال اور ڈاکٹر سعادت سعیدکریں گے۔ افتتاحی سیشن میں سابق ڈائریکٹر جنرل اردو سائنس بورڈ لاہور ناصر عباس نیئر کلیدی خطبہ پیش کریں گے جبکہ مہمانان خصوصی میں معروف ڈرامہ نگار اصغر ندیم سید، ڈاکٹر رفعت عباس اور ڈاکٹر روشن ندیم ہونگے۔\378