ساہیوال کول پاور پلانٹ کا سالانہ استعداد کار ٹیسٹ میں توقعات سے بڑھ کر کارکردگی کا مظاہرہ

اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ساہیوال کول فائرڈ پاور پلانٹ نے سال 2025 کا سالانہ استعداد کار ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کر لیا جس میں پلانٹ نے اپنی مختص شدہ پیداواری صلاحیت سے زائد 1252.03 میگا واٹ بجلی پیدا کر کے اپنی تکنیکی برتری کا بھرپور ثبوت دیا۔ یہ کارکردگی 1243.517 میگا واٹ کے مقررہ معیار سے زیادہ ہے اور یہ مکمل لوڈ پر …

اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ساہیوال کول فائرڈ پاور پلانٹ نے سال 2025 کا سالانہ استعداد کار ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کر لیا جس میں پلانٹ نے اپنی مختص شدہ پیداواری صلاحیت سے زائد 1252.03 میگا واٹ بجلی پیدا کر کے اپنی تکنیکی برتری کا بھرپور ثبوت دیا۔ یہ کارکردگی 1243.517 میگا واٹ کے مقررہ معیار سے زیادہ ہے اور یہ مکمل لوڈ پر چھ گھنٹے طویل مسلسل آزمائش کے دوران حاصل کی گئی۔ترجمان ساہیوال کول پاور پلانٹ کے مطابق یہ کامیابی ساہیوال پاور پلانٹ کی پاکستان کے سب سے زیادہ قابلِ اعتماد اور مؤثر توانائی منصوبوں میں سے ایک ہونے کی حیثیت کو مزید مستحکم کرتی ہے۔ 28 اکتوبر 2017 سے کمرشل آپریشن کے آغاز کے بعد سے، یہ پلانٹ مسلسل قومی گرڈ کو مستحکم اور قابلِ اعتماد بجلی فراہم کر رہا ہے۔

سالانہ استعداد کار ٹیسٹ ایک اہم پیمانہ ہے جو بجلی گھر کی صلاحیت اور گرڈ سے ہم آہنگی کو جانچنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اس ٹیسٹ کی نگرانی پاکستان کے بجلی کے شعبے کے مرکزی اداروں کے نمائندگان نے کی، جن میں شامل تھے:سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA-G) کے نائب مینیجر بلال خالد اور اسسٹنٹ منیجر ارسلان احمد ،انڈیپینڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (ISMO) کے نائب منیجر مبشر حسین اور اسسٹنٹ منیجر رضوان رحمان،نیشنل گرڈ کمپنی (NGC) کے افسران طارق محمود بھٹی (ایڈیشنل منیجر 220kV قصوال گرڈ اسٹیشن) اور محمد ہاشم بھٹی (ڈپٹی مینیجر، پروٹیکشن اینڈ انسٹرومنٹیشن، 500kV یوسف والا گرڈ اسٹیشن) کے تمام شریک اداروں نے ٹیسٹ کے عمل کو شفاف، ضابطہ جاتی اصولوں کے مطابق اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کرنے پر پلانٹ کی ٹیم کو سراہا۔

ہوانینگ شانڈونگ روی کی اعلیٰ انتظامیہ جن میں چیف ایگزیکٹو آفیسر، نائب صدر اور محکمہ ہیلتھ، سیفٹی اینڈ انوائرمنٹ (HSE) اور آپریشنز کے ڈائریکٹرز شامل تھے، نے پلانٹ پر موجودگی کے ذریعے اس ٹیسٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ کمپنی کے نائب صدر کے مطابق یہ کامیابی ہماری ٹیم کی تکنیکی مہارت اور پاکستان کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہمارے عزم کا مظہر ہے۔این جی سی اور آ ئی ایس ایم اوکے افسران نے خاص طور پر پلانٹ کی Active اور Reactive Power فراہم کرنے کی صلاحیت کو سراہا، جو کہ گرڈ کے وولٹیج ریگولیشن اور فریکوئنسی کنٹرول کے لیے نہایت اہم ہوتی ہے۔ یوسف والا اور قصوال گرڈ اسٹیشن کی ٹیموں نے بھی پلانٹ کی ہم آہنگی اور گرڈ سے رابطہ کو بے مثال قرار دیا، اور کہا کہ اس کی بہتری سے ٹرانسمیشن سسٹم پر دباؤ کم ہوا اور فریکوئنسی کنٹرول میں مدد ملی۔

پلانٹ کی 7 سالہ کامیاب کمرشل آپریشنز کی تاریخ، چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کی اعلیٰ مثال ہے۔ کمپنی کی کارکردگی، حفاظت اور ماحول دوستی کے تقاضوں پر مسلسل عملدرآمد اسے پاکستان کے توانائی نظام میں ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔یہ کامیابی ایک رسمی کاروائی سے بڑھ کر ہے۔ یہ پاکستان کے توانائی کے مستقبل، صنعت، زراعت اور رہائشی شعبوں کے لیے مستقل، قابلِ بھروسہ بجلی کی فراہمی کی علامت ہے۔

ہوانینگ شانڈونگ روی کی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مستقبل میں بھی تکنیکی تربیت، سسٹم اپ گریڈیشن اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ پر سرمایہ کاری جاری رکھے گی تاکہ کارکردگی اور قومی قوانین سے ہم آہنگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔سی پی پی اے اور آ ئی ایس ایم او نےتمام شریک اداروں اور پلانٹ آپریٹرز—کی مشترکہ کوششوں اور ہم آہنگی کو صنعت کے لیے ایک مثالی ماڈل قرار دیا گیا۔جیسے جیسے پاکستان اپنی توانائی کی بنیادی ڈھانچے کو جدید بناتا جا رہا ہے، ساہیوال جیسے اعلیٰ کارکردگی کے حامل پلانٹس کا کردار نہایت کلیدی بنتا جا رہا ہے۔ یہ پلانٹ صرف گھروں اور صنعتوں کو بجلی نہیں دے رہا یہ پاکستان کے مستقبل کو طاقت فراہم کر رہا ہے۔