سبزیاں دوسری فصلو ں کی نسبت زیادہ منافع بخش ،ان میں لحمیات، نشاستہ، تیل، معدنیات اور حیاتین کی وافر مقدار پائی جاتی ہے،ماہرین زراعت

Department of Agriculture
Department of Agriculture

فیصل آباد۔19جولائی (اے پی پی):ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ سبزیوں کی کاشت دوسری فصلو ں کی نسبت زیادہ منافع بخش ہے جن میں لحمیات، نشاستہ، تیل، معدنیات اور حیاتین کی وافر مقدار سبزیوں میں پائی جاتی ہے۔

ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل ۱ٓباد کے زرعی ماہرین نے بتایا کہ آلو، لہسن، پیاز، شکر قندی وغیرہ میں نشاستہ کافی مقدار میں موجود ہوتا ہے اسی طرح مٹر، پتوں والی پھلیدار سبزیوں، لہسن میں لحمیات جبکہ ٹماٹر، گاجر، شلجم، شکر قندی، جڑوں اور پتے والی سبزیوں میں وٹامن اے کی بڑی تعداد پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مٹر،پھلیوں، ٹماٹر میں وٹامن بی، سبز مرچ، شلجم، پھول گوبھی، بند گوبھی، پالک،پودینہ وغیرہ میں وٹا من سی کثر ت سے پایا جاتا ہے جو ہر عمر کے انسان کی جسمانی صحت کیلئے اشد ضروری ہے، سبزیاں اناج اور گوشت کی نسبت سستی بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے سبزیوں کا زیر کاشت رقبہ دوسری زرعی اجناس کے زیر کاشت رقبہ کے مقابلے میں بہت کم ہے حالانکہ فی ایکڑ پیداوار کے لحاظ سے اکثر سبزیوں کو اپنی پیداواری صلاحیت میں دوسری فصلوں سے برتری حاصل ہے۔

انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ منافع حاصل کرنے کیلئے دیگر زرعی اجناس کی طرح سبزیوں کی زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنائیں تاکہ انسانی صحت کے ساتھ انہیں مالی منفعت بھی حاصل ہو سکے۔