کوہستان اپر پولیس نے چند روز قبل پولیس کانسٹیبل نور زمان کو غیرت کے نام پر قتل کرنے والے 2 روپوش نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
کوہستان اپر، پولیس کانسٹیبل نور زمان قتل کیس میں مطلوب 2 نامزد ملزمان گرفتار

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 20 جولائی (اے پی پی):کوہستان اپر پولیس نے چند روز قبل پولیس کانسٹیبل نور زمان کو غیرت کے نام پر قتل کرنے والے 2 روپوش نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کوہستان اپر پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طاہر اقبال نے کانسٹیبل نور زمان کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کئے تھے، جس پر ایس ڈی پی او داسو صاحبزادہ خان کی زیر نگرانی، ایس ایچ او تھانہ داسو خلیل الرحمان خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ جدید تکنیکی معاونت اور خفیہ اطلاعات پر مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران قتل میں ملوث2 انتہائی مطلوب روپوش ملزمان شاہین اور برکت جمیل کو گرفتار کر کے تھانہ داسو منتقل کر دیا ،جہاں ملزمان سے کیس کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈی پی او اپر کوہستان طاہر اقبال نے کہا ہے کہ قانون سےبالاتر کوئی نہیں، محکمہ پولیس کے اہلکار کے قاتلوں کو قانون کے مطابق سزا دلائی جائے گی اور مظلوم خاندان کو انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے ملزمان کو گرفتار کرنے پر ایس ڈی پی او داسو، ایس ایچ او داسو اور ان کی پوری ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور مزید موثر کارروائیاں کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔








