کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کے رجحان کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،گورنر سندھ

کراچی۔ 20 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کے رجحان کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ پیر کو گورنر ہائو س سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائو س کراچی میں فیفا ورلڈ کپ فائنل میچ کی بڑی اسکرین پر لائیو اسکریننگ کے موقع پر …

کراچی۔ 20 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کے رجحان کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ پیر کو گورنر ہائو س سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائو س کراچی میں فیفا ورلڈ کپ فائنل میچ کی بڑی اسکرین پر لائیو اسکریننگ کے موقع پر کیا۔گورنر ہائو س میں منعقدہ تقریب میں میڈیا نمائندگان، معزز مہمانوں، سفارتی شخصیات، نوجوانوں، بچوں، خواتین اور فٹبال کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سنسنی خیز فائنل میچ بڑی اسکرین پر دیکھ کر عالمی معیار کے مقابلے سے بھرپور لطف اٹھایا۔

اس موقع پر وزیرِ مملکت برائے مذہبی امور کھئیل داس کوہستانی، وزیرِ مملکت و وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی فہد ہارون، وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے سندھ کوآرڈینیٹر فہد شفیق، بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر محمد ثاقب صداقت، ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان، چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز آف پاکستان (آباد) محمد حسن بخشی، چیئرمین پاکستان ہلالِ احمر سندھ ریحان ہاشمی، معروف فلم اسٹار جاوید شیخ، احمد چنائے اور دیگر ممتاز کاروباری و سماجی شخصیات بھی شریک تھیں۔

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے شاندار کھیل پیش کرنے پر دونوں ٹیموں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے فاتح اسپین کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اسپین نے پورے ٹورنامنٹ میں غیرمعمولی مہارت، بہترین ٹیم ورک، نظم و ضبط اور اعلی معیار کی فٹبال کا مظاہرہ کیا، جبکہ فائنل میں بھی شاندار کارکردگی کے ذریعے اپنی برتری ثابت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ٹیموں نے عالمی معیار کا کھیل پیش کرکے فٹبال شائقین کو ایک یادگار اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کا موقع فراہم کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیوں کا مقصد کھیلوں کے فروغ، عوامی شمولیت، نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور معاشرے میں صحت مند، خوشگوار اور مثبت ماحول کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ہائو س عوام کے لیے کھلا ہے اور مستقبل میں بھی کھیلوں، نوجوانوں اور خاندانی تفریح سے متعلق ایسی مثبت سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔

تقریب کے دوران گورنر ہائو س میں شائقینِ فٹبال کے لیے خوشگوار، پرجوش اور دوستانہ ماحول فراہم کیا گیا، جہاں شرکاء نے اپنی پسندیدہ ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور عالمی معیار کے فائنل میچ سے بھرپور لطف اٹھایا۔تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ نے پاکستانی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی کھلاڑی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی فٹبال مزید ترقی کرے گی اور قومی کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے۔