گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرور ت ہے، پاکستان کا معاشی مستقبل بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی سے جڑا ہوا ہے، جسطرح امن کے بغیر ترقی پروان نہیں چڑھ سکتی اسی طرح سماجی انصاف اور عوامی اعتماد کے بغیر امن قائم نہیں رہ سکتا۔
صوبے کے روشن مستقبل کیلئے نوجوانوں کی پالیسی اور فیصلہ سازی میں شمولیت ضروری ہے،گورنربلوچستان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 20 جولائی (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرور ت ہے، پاکستان کا معاشی مستقبل بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی سے جڑا ہوا ہے، جسطرح امن کے بغیر ترقی پروان نہیں چڑھ سکتی اسی طرح سماجی انصاف اور عوامی اعتماد کے بغیر امن قائم نہیں رہ سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ اور صوبائی امیر اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہداہت رحمان سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ پالیسی اور فیصلہ سازی کے عمل میں نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنانا اشد ضروری ہے تاکہ ہر نوجوان پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں فعال شراکت دار بنے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کل آبادی کا سب سے بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جن کی توانائی اور تخلیقی صلاحیتیں ہماری سب سے بڑی طاقت کی نمائندگی کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہم ہر قسم کے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کرملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ملکر کام کریں۔ سیاسی رہنماؤں، مذہبی سکالرز اور معاشرے کے باشعور اشخاص کی ذمہ داری ہے کہ وہ اجتماعی مفادات کو اجاگر کریں، پولیٹیکل ڈائیلاگ کی حوصلہ افزائی کریں، سماجی ہم آہنگی کو مضبوط کریں اور قوم کی ترقی میں عملی تعمیری کردار ادا کریں۔ گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم مشترکہ کوششوں کے ذریعے ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ بلوچستان کی تعمیر کر سکتے ہیں۔








