فیصل آباد ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی):سبزیوں کی منافع بخش کاشت میں دیسی کھادیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں لہٰذا کاشتکار سبزیوں کی کاشت سے قبل گوبر کی گلی سڑی کھاد کھیتوں میں ضرور ڈالیں تاکہ زمین کو ذرخیز بنانے میں مدد مل سکے نیز زمین کے کیمیائی تجزیے کے بعد کھیتوں میں اجزائے صغیرہ اور کبیرہ کی صحیح مقدار ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے عملہ کی مشاورت استعمال کی جائے تاکہ کاشتکاروں کو بہتر پیداوار حاصل کرنے میں مدد ملے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد ڈاکٹر خالد اقبال نے کہا کہ سبزیوں کی کاشت کیلئے چونکہ عام فصلات کی نسبت زیادہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے اسلئے زمین کا انتخاب کرتے وقت ایسی زمین کا چناؤ کیا جائے جس میں پانی جذب کرنے کی زیادہ صلاحیت موجود ہو۔
انہوں نے کہاکہ کاشتکار زمین کی تیاری پر بھر پور توجہ دیں اور اسے نرم و ہموار کرنے کے بعد اس میں اچھا معیاری نسل کا صاف ستھر ا، جڑی بوٹیوں سے پاک بہترین روئیدگی کا حامل بیج درست شرح میں استعمال کریں تاکہ بروقت اور بہترین پیداوار کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بعض سبزیوں کا بیج مختصر عرصے میں ہی خراب ہو جاتاہے اسلئے بیج خریدتے وقت اس بات کا بھی یقین کر لیا جائے کہ بیج کی روئیدگی 80فیصد سے زائد ہے۔