سب کا بلا تفریق احتساب تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے، زرتاج گل وزیر

80

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ سب کا بلا تفریق احتساب پاکستان تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے، ذخیرہ اندوزی اور سٹے بازی کے ذریعے چینی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، جہانگیر ترین پاکستان تحریک انصاف کا حصہ ہیں، وہ پارٹی میں رہیں گے، بحیثیت قوم ہم سب کو اپنے اندر برداشت پیدا کرنی چاہیے اور عدم برداشت کی نفی کرنی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شوگر سکینڈل کی کہانی 29 بلین کی سبسڈی سے شروع ہوئی، جس میں سے 24 بلین کی سبسڈی مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں دی گئی تھی اور 3 ارب روپے کے علاوہ باقی سبسڈی پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں دی گئی تھی، جس میں چینی بیرون ملک نہیں گئی اور 22 ارب روپے کی چھوٹ دی گئی اور 20 ارب روپے کا ٹوٹل ٹیکس دیا گیا، 571 ارب روپے کے قریب منافع خوری اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کر کے عوام کو لوٹا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور سٹے بازی کے ذریعے چینی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، اس حوالے سے کمیشن بنایا گیا جو اس سارے معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے، تحقیقاتی عمل میں ایس ای سی پی، ایف آئی اے اور ایف بی آر بھی شامل ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ایف آئی آر کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ کوئی مجرم ثابت ہو گیا ہے یا کسی نے چوری کی ہے،

کمیشن کے تحقیقاتی عمل میں ملک کی ٹاپ شوگر ملوں کے نام ہیں، اس میں بہت سی شوگر ملز اپوزیشن کے رہنمائوں کی بھی ہیں، وزیراعظم عمران خان بلا تفریق احتساب پر یقین رکھتے ہیں، اس لئے اگر جہانگیر ترین کا نام شوگر سکینڈل میں آیا ہے تو وہ عدلیہ کے سامنے خود کو کلیئر ثابت کریں، مجھے یقین ہے کہ جہانگیر ترین اس سارے معاملے میں سرخرو ہوں گے، پاکستان تحریک انصاف ریاستی اداروں کی کارروائی میں مداخلت نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین پاکستان تحریک انصاف کا حصہ ہیں، وہ پارٹی میں رہیں گے، اسی طرح جہانگیر ترین کے ساتھ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے جو بھی لوگ ہیں وہ بھی پی ٹی آئی میں ہیں اور رہیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم سب کو اپنے اندر برداشت پیدا کرنی چاہیے اور عدم برداشت کی نفی کرنی چاہیے۔