ستر سال کے بعدلاہور ریلوے اسٹیشن کو شایان ِشان اسٹیشن بنانے جارہے ہیں،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد

102

لاہور۔9 جون(اے پی پی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 70 سال کے بعد ہم لاہور ریلوے اسٹیشن کو شایان ِشان ریلوے اسٹیشن بنانے جارہے ہیں، لاہور اور کراچی ہمارے بنیادی ریلوے اسٹیشن ہیں ، کسی نے 10 روپے بھی اس پر نہیں لگائے، کمیشن خوروں نے صرف لوکوموٹیوز اور ہوپر ویگنوں کی کمیشن کھائی ہے۔ یہ بات انہوں نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر عوام کی سہولت کے لیے نئے تعمیر شدہ ویٹنگ ہال کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزےرنے کہا کہ ہم نے پانچ کروڑ روپے پہلے اس کے لیے منظور کیے تھے کیونکہ سب سے زیادہ پسنجر لاہور اور کراچی میں وزٹ کرتے ہےں جبکہ روزانہ ایک لاکھ پسنجر ریلوے سے سفر کرتاہے۔ پانچ کروڑ روپے ہم مزید دے رہے ہیں ،ہر پلیٹ فارم کا علیحدہ علیحدہ ویٹنگ روم ہوگا۔ اکانومی کلاس کے غریب مسافروں کے لیے بھی ویٹنگ روم دیں گے جبکہ اے سی کلاس والوں کے لیے ویٹنگ روم موجود ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لاہور ریلوے اسٹیشن پر ساڑھے بارہ کروڑ روپے کی لاگت سے لفڑ اور سیڑھیاں لگانے جارہے ہیںتاکہ پسنجر براہِ راست پلیٹ فارم سے پہلے ہی اپنی ٹرین کے اوپر پہنچ سکے، انہوں نے کہا کہ یہ سیڑھیاں اوربرجز انگریز دور کی بہت اونچی بنی ہوئی ہیں اس کا ٹینڈر ہونے جارہا ہے ،ٹرین پر سفر کرنے والے لوگوں میں زیادہ تر لوگ پچاس سال سے زائد عمر کے ہیں اور وہ لاہور اور کراچی ریلوے اسٹیشن کی سیڑھیاں نہیں چڑھ سکتے ۔ انہوں نے بتا یا کہ لاہور ریلوے اسٹیشن پر تین ہزار مربع فٹ پر نئے تعمیر شدہ ویٹنگ ہال میں 250 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ۔ ویٹنگ ہال میں پنکھے ، لائٹیں، مردوں اور عورتوں کے لیے الگ الگ واش رومز اور ایل ای ڈیز کی سہولت موجود ہے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے لاہور ریلوے واشنگ لائن کا دورہ کیا، دورے کے دوران وفاقی وزیر نے ٹرینوںکی صفائی کے معیار کو بھی چیک کیا اور ریلوے افسران کو ہدایت کی کہ وہ واشنگ لائن سے صفائی کے بعد ٹرینیں بروقت اسٹیشن پر پہنچنی چاہیں۔