ستر فیصد انٹرمیڈیٹ کےطلبہ و طالبات ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اور ووکیشنل سینٹرز میں فنی مہارت حاصل کر رہے ہیں،ڈائریکٹر اسٹیوٹا

160
ستر فیصد انٹرمیڈیٹ کےطلبہ و طالبات ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اور ووکیشنل سینٹرز میں فنی مہارت حاصل کر رہے ہیں،ڈائریکٹر اسٹیوٹا

حیدرآباد۔ 28 جنوری (اے پی پی):سندھ ٹیکنیکل ایجو کیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (اسٹیوٹا) کے ڈائریکٹر انڈسٹریل کو آرڈینیٹر یوسف بلوچ نے کہا ہے کہ ستر فیصد انٹرمیڈیٹ کے طلبہ و طالبات ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اور ووکیشنل سینٹرز میں فنی مہارت حاصل کر رہے ہیں، نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لئے اجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے پر نائب صدر اویس خان سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریز کو آن بورڈ لے رہے ہیں تاکہ انڈسٹریز کی ضروریات کے مطابق پیشہ وارانہ تربیت دے کر انڈسٹریل سیکٹر کو تعلیم یافتہ اور ٹیکنیکل افرادی قوت مہیا کی جا سکے، حیدرآباد چیمبر پلان دے پیشہ وارانہ تربیت میں شامل کریں گے،

حکومتی پالیسی کے تحت انسٹیٹیوٹ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، کمیٹی کا سربراہ تجارتی شعبے سے تعلق رکھنے والا صنعتکار ہوگا، اسٹیوٹا اور حیدرآباد چیمبر پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ حیدرآبادچیمبرکے نائب صدر اویس خان نے کہا کہ سندھ ٹیکنیکل ایجو کیشن اینڈو وکیشنل ٹریننگ اتھارٹی طلبہ کی فنی مہارت بڑھانے پر فوکس کر رہی ہے جو خو ش آئند بات ہے، پاکستان کی پینسٹھ سے ستر فیصدآبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے،

ہنر مند افرادی قوت معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، نجی شعبے کی ترقی کے لئے فنی تربیت کو فروغ دیا جانا چاہیے، عالمی رجحانات کے تناظر میں ہمیں علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مسابقتی بنانے کے لئے ہنر مندی کے فروغ پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

حیدرآباد چیمبر صنعتوں اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہا ہے، نجی شعبوں کی ترقی کے لئے فنی مہارت کے فروغ پر بھی تعاون کریں گے۔ ملاقات میں اسٹیوٹا کے انچارج ریجنل ڈائریکٹر منظور چانڈیو، ڈائریکٹر مانیٹرنگ ثاقب کھوکھر سمیت حیدرآباد چیمبر کے رکن احسن ناغڑ موجود تھے۔