ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے کمرشل مارکیٹ میں خصوصی آگاہی کیمپ کا انعقاد

ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے ورلڈ کلین اپ ڈے کے موقع پر کمرشل مارکیٹ میں خصوصی آگاہی کیمپ لگایا گیا جہاں شہریوں اور دکانداروں کو صفائی ستھرائی، کچرے کی مناسب تلفی، ڈینگی سے بچاؤ اور سموگ کے تدارک کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔

راولپنڈی۔ 19 ستمبر (اے پی پی):ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے ورلڈ کلین اپ ڈے کے موقع پر کمرشل مارکیٹ میں خصوصی آگاہی کیمپ لگایا گیا جہاں شہریوں اور دکانداروں کو صفائی ستھرائی، کچرے کی مناسب تلفی، ڈینگی سے بچاؤ اور سموگ کے تدارک کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر شہریوں میں صفائی کے شعور کو اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مواد بھی تقسیم کیا گیا جبکہ صفائی کے حوالے سے شہریوں کے سوالات اور تجاویز بھی سنی گئیں۔

کمرشل مارکیٹ میں قائم آگاہی کیمپ کے دوران ستھرا پنجاب ایجنسی کی کمیونیکیشن ٹیم نے شہریوں اور تاجروں کو صفائی کے حوالے سے عملی رہنمائی فراہم کی اور انہیں صاف ستھرے ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔کیمپ کے دورہ کے موقع پر شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی رانا ساجد صفدر نے کہا کہ ورلڈ کلین اپ ڈے کا بنیادی مقصد عوام میں صفائی کی اہمیت اور صاف ستھرے ماحول کے حوالے سے اجتماعی ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنا ہے۔

صاف شہر صرف سرکاری اداروں کی کوششوں سے نہیں بلکہ شہریوں کے بھرپور تعاون سے ہی ممکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی میں صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔رانا ساجد صفدر نے کہا کہ کچرے کو سڑکوں، گلیوں، نالوں اور کھلے مقامات پر پھینکنے سے نہ صرف ماحول آلودہ ہوتا ہے بلکہ مچھروں اور بیماریوں کی افزائش کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ شہری کچرا مقررہ مقامات پر ڈالیں، صفائی کے عملے سے تعاون کریں اور اپنے گھروں، دکانوں اور کاروباری مراکز کے اطراف صفائی کا خصوصی خیال رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ صفائی کا براہ راست تعلق ڈینگی اور سموگ کے خاتمے سے بھی ہے۔ گندگی، کھڑا پانی اور کچرے کے ڈھیر ڈینگی مچھر کی افزائش کا سبب بنتے ہیں، جبکہ کچرے کو جلانے سے فضائی آلودگی اور سموگ میں اضافہ ہوتا ہے۔ شہری کچرا جلانے سے گریز کریں اور صفائی کے حوالے سے ذمہ دارانہ طرز عمل اپنائیں۔

ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی صاف اور سرسبز پنجاب کی پالیسی کے تحت صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ عوامی تعاون سے نہ صرف راولپنڈی کو صاف رکھا جا سکتا ہے بلکہ ڈینگی، سموگ اور دیگر ماحولیاتی مسائل پر بھی مؤثر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی کو صرف ایک دن کی سرگرمی نہ سمجھیں بلکہ اسے اپنی روزمرہ زندگی کا مستقل حصہ بنائیں۔