راولپنڈی۔9جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ”ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت راولپنڈی ڈویژن کی تمام تحصیلوں میں گرینڈ صفائی آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے، اس پروگرام کا مقصد صوبے کے شہروں اور دیہاتوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔آرڈبلیو ایم سی کے ترجمان نے جمعرات کو ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں تمام نئی تحصیلوں کو تین ماہ میں زیرو ویسٹ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ اٹک، فتح جنگ، پنڈی گھیب، جنڈ، حضرو، حسن ابدال، چکوال،
تلہ گنگ، مری، کوٹلی ستیاں، جہلم، دینہ اور سوہاوہ میں جدید مشینری اور اضافی ورکرز کی مدد سے کوڑے کے ڈھیر ختم کئے جا رہے ہیں،اب تک ان علاقوں سے سینکڑوں ٹن کوڑا کرکٹ تلف کیا جا چکا ہے جبکہ صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ راولپنڈی شہر اور اس کی تمام تحصیلوں میں صفائی کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔ جدید صفائی مشینری کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر ورکرز کی خدمات کو بڑھایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو ایک صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ستھرا پنجاب پروگرام” کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کا عمل بھی بھرپور انداز میں جاری ہے۔
کمیونیکیشن اینڈ سوشل موبلائزیشن ٹیم کے ارکان گھر گھر، بازاروں اور مارکیٹوں میں جا کر شہریوں کو صفائی کی اہمیت سے آگاہ کر رہے ہیں۔ شہریوں کو یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ وہ صفائی سے متعلق کسی بھی مسئلے یا شکایت کے اندراج کے لئے ہیلپ لائن نمبر 1139،کلین راولپنڈی موبائل ایپ،راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا استعمال کر سکتے ہیں،آگاہی مہم میں شہریوں کو صفائی کی اہمیت اور اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھ سکیں بلکہ صفائی کی اس مہم میں اپنا حصہ ڈال کر ستھرا پنجاب کے خواب کو حقیقت بنا ئیں،
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس مہم کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ کام کریں اور عوام کو بہتر سہولت فراہم کرنے کے لئے کوئی کسر نہ چھوڑیں، یہ مہم نہ صرف شہری علاقوں بلکہ دور دراز دیہات تک بھی پہنچ چکی ہے اور تمام متعلقہ ادارے دن رات اس کے لئے کوشاں ہیں۔ ”ستھرا پنجاب پروگرام” ایک مثبت قدم ہے جو عوامی تعاون سے پنجاب کو صاف، سرسبز اور صحت مند صوبہ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔