سخت فیصلے کر کے معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا ہے، وفاقی وزیراحسن اقبال

51
سخت فیصلے کر کے معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا ہے، وفاقی وزیراحسن اقبال

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو پاکستان دیوالیہ کی طرف بڑھ رہا تھا لیکن حکومت نے سخت فیصلے کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے اور اب حکومت کی توجہ معیشت کو بہتر کرنے کی طرف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک مضبوط معیشت بنانے کیلئے برآمدات میں چھلانگے لگانے، ٹیکس ریونیو میں نمایاں بہتری لانے، سالانہ 25سے30ارب ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری حاصل کرنے، سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی سالانہ درآمدات ایک کھرب ڈالر تک ہیں لہذا تاجر برادری اس بڑی مارکیٹ میں برآمدات کو بہتر فروغ دینے پر توجہ دے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایس ایم ایز، کاروباری شعبے اور زراعت کی سہولت پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے تا کہ معیشت تیزی سے بہتر ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹرن ارائونڈ پاکستان منصوبے کے تحت ان تمام قوانین کو ختم کرنے یا تبدیل کرنے کیلئے جو کاروبار کی راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں، چیمبروں سے تجاویز مانگ رہے ہیں لہذا آئی سی سی آئی ایک ٹاسک فورس تشکیل دے کر ایسی تجاویز تیار کر کے ان کی وزارت کو بھیجے تا کہ ان پر عمل کرنے کی کوشش کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی انڈسٹریل اسٹیٹ کی تجویز کو بھی تحریری طور پر ان کو بھیجے تا کہ اس پر عمل درآمد کیلئے غور کیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئی سی سی آئی کو وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے ایڈوائزری بورڈ میں نمائندگی دی جائے گی۔ اس موقع پر اپنے خیالا ت کا اظہارکرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ چیمبر کافی عرصے سے اس خطے میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے کوشاں ہے تاکہ صنعتکاری کو بہتر فروغ ملے،

سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس اہم منصوبے کو عملی شکل دینے میں چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور لاہور کی طرز پر اسلام آباد میں بھی ایک جدیدایکسپو سنٹر قائم کیا جائے تا کہ نمائشوں کا انعقاد کر کے کاروباری سرگرمیوں اور برآمدات کو بہتر فروغ دیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سی پیک منصوبے کے تحت اسلام آباد میں ایک آئی سی ٹی ماڈل انڈسٹریل زون بنانا چاہتی ہے جو ایک قابل ستائش اقدام ہے۔ تاہم انہوں نے تجویز دی کہ چیمبر کو اعتماد میں لے کر مذکورہ انڈسٹریل زون تعمیر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کومشکلات سے نکالنے کیلئے برآمدات کو تیزی سے فروغ دینے کی ضرورت ہے تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ حکومت صنعتی شعبے کیلئے ایک انڈسٹریل پیکج کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ سٹارٹ اپس اور انٹرپرینیورشپ کی حوصلہ افزائی کیلئے بھی حکومت پرکشش مراعات کا اعلان کرنے پر غور کرے۔

محمد شکیل منیر نے کہا کہ وزارت پلاننگ کے ایڈوائزری بورڈ میں آئی سی سی آئی کو نمایندگی دی جائے تا کہ نجی شعبے کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں میں اضافے، سٹیٹ بینک کے بلند شرح سود، روپے کی قدر میں نمایاں کمی اور تیل، بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے سے کاروبار کی لاگت کئی گنا بڑھ گئی ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کاروبار کی لاگت میں کمی کیلئے ٹھوس اقدامات لے تا کہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے بہتر فروغ سے معیشت مشکلات سے نکل کر استحکام کی طرف گامزن ہو۔

انہوں نے تجویز دی کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے کاروباری طبقے اور عوام کو آسان اقساط میں سولر سسٹم فراہم کرنے پر غورکیا جائے۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ اور نائب صدر محمد فہیم خان نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زراعت و صنعت سمیت دیگر شعبوں کی پیداواری صلاحیت بہتر کی جا سکتی ہے لہذا حکومت اس طرف توجہ دے۔ چیئرمین فائونڈر گروپ خالد اقبال ملک، خالد جاوید، میاں اکرم فرید، میاں شوکت مسعود، باصر دائود، شعبان خالد، محمد نوید ملک اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ان مسائل کی نشاندہی کی جو حل کیلئے حکومت کی فوری توجہ کے طالب ہیں۔ انہوں نے معیشت کو بہتر فروغ دینے کیلئے مفید تجاویز بھی پیش کیں۔