
نیو یارک؍اوٹاوا۔23نومبر (اے پی پی):امریکی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن ( ایف بی آئی ) نے نیاگرا فال کے قریب رین بو بریج پر دھماکے کی تحقیقات مکمل کرتے ہوئے اسے ٹریفک حادثہ قرار دیا ہے۔روسی خبررساں ادارے تاس کے مطابق بفیلو میں ایف بی آئی کےدفتر کی طرف سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ جائے حادثہ سے دھماکہ خیز مواد نہیں ملا اور نہ ہی اس واقعہ میں دہشت گردوں کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت ملا ہے ۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ واقعہ کی مزید تحقیقات مقامی پولیس کے حوالے کر دی گئی ہیں ۔قبل ازیں امریکی ریاست نیو یارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے کہا تھا کہ بدھ کو نیاگرا فال میں امریکا اور کینیڈا کے درمیان سرحدی کراسنگ پر ایک گاڑی میں ہونے والے دھماکے میں دہشت گردوں کے ملوث ہونے کا کوئی عندیہ نہیں ملا، اس دھماکے میں دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔چینی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رین بو برج پر ہونے والے واقعے میں ایک سرحدی افسر زخمی بھی ہوا۔ایف بی آئی کے مقامی دفتر نےاس واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا اوردونوں ممالک کی سرحد پر واقع چار پلوں کو کئی گھنٹوں کے لیے بند رکھا گیا۔
کینیڈا کے حکام فی الحال اسی مفروضے کے تحت تحقیقات کر رہے ہیں کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ تھا ۔انہوں نے اس بات کی تاحال تصدیق نہیں کی کہ اس واقعہ کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں تھا ۔ نیویارک کے گورنر کیتھی ہوچل کے مطابق اس واقعہ میں ایک مقامی شخص ملوث تھا تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ کوئی حادثہ تھا یا جان بوجھ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک کی ریاستی پولیس ایف بی آئی کی مشترکہ دہشت گردی ٹاسک فورس کے ساتھ نیویارک میں داخلے کے تمام مقامات کی نگرانی کے لیے فعال طور پر کام کر رہی ہے۔رین بو برج اور مغربی نیویارک اور اونٹاریو کے درمیان تین دیگر پلوں کو احتیاط کے طور پر فوری طور پر بند کر دیا گیا تھا تاہم رین بو کے علاوہ باقی تین پلوں کو بعد میں دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔
مزید برآں، یو ایس نیشنل ریل روڈ پیسنجر کارپوریشن نے نیویارک سٹیٹ اور کینیڈا کے درمیان سرحد پار سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا، اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے بفیلو نیاگرا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بین الاقوامی آمد اور روانگی کو چند گھنٹوں کے لیے روک دیا۔اونٹاریو کے صوبائی پولیس سارجنٹ نے کہا کہ فی الحال ہم نے نیاگرا فال میں رینبو برج کو دونوں سمتوں سے بند کر دیا ہے۔ کیری شمٹ نے مزید کہا کہ فورٹ ایری پیس برج بھی بند ہے۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ انہیں قومی سلامتی اور انٹیلی جنس مشیر نے صورتحال پر بریفنگ دی ہے اور کینیڈا کے حکام امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
عوامی تحفظ کے وزیر ، کینیڈا بارڈر سروسز ایجنسی اور تمام متعلقہ ادارے پوری طرح چوکس ہیں اور لوگوں کو تمام ضروری معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ ■