کوئٹہ۔ 28 نومبر (اے پی پی):نومنتخب رکن اسمبلی سردارزادہ کوہیار ڈومکی نے رکن اسمبلی کا حلف اٹھا لیا۔بلوچستان اسمبلی کااجلاس جمعرات کے روز سپیکربلوچستان اسمبلی کیپٹن(ر)عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔اجلاس میں سپیکر نے حلقہ پی بی 8سے ضمنی انتخابات میں کامیاب رکن اسمبلی سردارزادہ کوہیار ڈومکی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
سپیکر کیپٹن(ر)عبدالخالق اچکزئی نے سردارزادہ کوہیار ڈومکی کو اپنے اور ایوان کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ عوام کی بہتری کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے سردارزادہ کوہیار ڈومکی کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ سردارسرفرازچاکر ڈومکی انتہائی نفیس انسان تھے ہم قیمتی وقت نے ساتھ گزاریں ،سردارزادہ کوہیار ڈومکی کو ہمارا بھرپور تعاون حاصل ہوگا
،امید ہے کہ وہ اپنے والد کے نقش قدم پر چل کر عوام کی جانب سے کئے گئے اعتماد پر پورا اتریں گے ۔قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری نے سردارزادہ کوہیار ڈومکی کومبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے والد کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ۔
پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر میرصادق عمرانی نے سردارزادہ کوہیار ڈومکی کومبارکباد پیش کی اور کہاکہ ان کے آبائواجداد کی علاقے کیلئے گراں قدر خدمات ہیں ۔