سردار ایاز صادق کے غیر ذمہ دارانہ بیانات پر سخت ریمارکس، ایوان و جمہوری نظام کے دفاع کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گزشتہ روز ایک رکن اسمبلی کی جانب سے دیئے گئے غیر ذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اور جمہوریت مخالف بیانات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ۔ ایوان سے خطاب کرتے ہوئےسپیکر نے آگاہ کیا کہ مذکورہ رکن اسمبلی نے پہلے اپوزیشن لابی میں یہ اعلان کیا کہ وہ ایوان کی کارروائی میں مداخلت …

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گزشتہ روز ایک رکن اسمبلی کی جانب سے دیئے گئے غیر ذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اور جمہوریت مخالف بیانات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ۔ ایوان سے خطاب کرتے ہوئےسپیکر نے آگاہ کیا کہ مذکورہ رکن اسمبلی نے پہلے اپوزیشن لابی میں یہ اعلان کیا کہ وہ ایوان کی کارروائی میں مداخلت کرنے کے لیے چیئر تک پہنچنے کی کوشش کریں گے جو کہ پارلیمانی اصولوں اور ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی رکن نے بعدازاں ایک اور انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دیتے ہوئے عوام کو استعمال کرنے اور قومی اسمبلی و سینیٹ کی کارروائی روکنے کی دھمکی دی جو کہ نہ صرف ناقابل قبول ہے بلکہ جمہوری اداروں کے خلاف سازش کے مترادف ہے۔سردار ایاز صادق نے یاد دلایا کہ 2014ء میں بھی ملک کو اسی نوعیت کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم اس وقت پارلیمنٹ نے آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے مضبوط کردار ادا کیا اور آج بھی ایوان پوری طرح تیار ہے کہ ایسی کسی بھی کوشش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے۔

سپیکر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بطور کسٹوڈین آف دی ہائوس پارلیمنٹ کا تحفظ ان کی آئینی ذمہ داری ہے اور ایوان و ریاست کے خلاف دیئے گئے بیانات نہ صرف نامناسب ہیں بلکہ یہ جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی ایک منظم کوشش بھی ہیں۔انہوں نے تمام اراکین اسمبلی پر زور دیا کہ وہ ایسی سوچ اور بیانات کو اجتماعی طور پر مسترد کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ پارلیمنٹ کی بالادستی، آئینی نظام اور جمہوری روایات کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے۔