سردار یعقوب خان ناصر کی بی یو جے کے سالانہ انتخابات میں جرنلسٹس پینل کی شاندار کامیابی پر نومنتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد

112

کوئٹہ۔ 31 جنوری (اے پی پی):مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ایم این اے و سابق وفاقی وزیر سردار یعقوب خان ناصر نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) کے سالانہ انتخابات میں جرنلسٹس پینل کی شاندار کامیابی پر نومنتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ جرنلسٹس پینل کی جیت صحافتی برادری کے غیر متزلزل اعتماد، یکجہتی اور آزاد صحافت سے وابستگی کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب قیادت صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، ان کے مسائل کے حل اور بلوچستان میں آزاد و ذمہ دار صحافت کے فروغ کے لیے موثر اور عملی اقدامات کرے گی،انہوں نے بی یو جے کے نومنتخب صدر خلیل احمد، سینئر نائب صدر منظور احمد، جنرل سیکرٹری عبدالغنی کاکڑ، نائب صدر نذر بلوچ، فنانس سیکرٹری جبار بلوچ، سینئر جوائنٹ سیکرٹری ابرار احمد، جوائنٹ سیکرٹری فضل تواب اور مجلس عاملہ کے دیگر کامیاب اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں گے اور صحافتی برادری کے مفادات کے تحفظ کے لیے بھرپور جدوجہد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آزاد، غیرجانبدار اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔

ایک آزاد صحافتی ماحول نہ صرف عوام کو درست معلومات فراہم کرتا ہے بلکہ جمہوری اقدار کے استحکام میں بھی بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے اس موقع پر بلوچستان میں صحافیوں کو درپیش چیلنجز اور مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مسلم لیگ ن ہمیشہ صحافیوں کے حقوق، آزادی اظہار اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر فورم پر صحافیوں کے مسائل کو اجاگر کریں گے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گیانہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صحافیوں کو کئی طرح کے چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں سیکیورٹی کے مسائل، اظہار رائے پر قدغن، معاشی مشکلات اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع کی کمی شامل ہیں۔ اس صورتحال میں بی یو جے کی نئی قیادت پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نہ صرف صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرے بلکہ ان کے فلاح و بہبود کے منصوبے بھی ترتیب دے ہماری جماعت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور ہمیشہ صحافتی برادری کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو آزاد اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور اس سلسلے میں حکومت اور متعلقہ اداروں کو بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانی چاہئیں۔انہوں نے نومنتخب عہدیداران کو یقین دلایا کہ مسلم لیگ ن ان کے ہر مثبت اقدام میں ان کے ساتھ کھڑی ہوگی اور بلوچستان میں آزاد، غیرجانبدار اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب قیادت نہ صرف بی یو جے کے پلیٹ فارم سے صحافیوں کے حقوق کے لیے کام کرے گی بلکہ بلوچستان میں معیاری اور تحقیقی صحافت کو فروغ دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔