اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):تحریکِ عشقِ مصطفی انٹرنیشنل کے سربراہ سید عنایت علی شاہ نے کہاہے کہ پاکستان وہ مقدس خطہ ہے جس کی سرزمین اولیائے کرام، صوفیائے عظام اور بزرگانِ دین کے روحانی فیوض و برکات سے منور ہے، جہاں دینِ اسلام کا پیغام محبت، امن اور اخوت کے ساتھ پھیلا۔ انہی نفوسِ قدسیہ کے روحانی سائے میں پروان چڑھنے والے اس وطن نے ایک ایسی نظریاتی شناخت حاصل …
سرزمین پاکستان اولیائے کرام، صوفیائے عظام اور بزرگانِ دین کے روحانی فیوض و برکات سے منور ہے، سید عنایت علی شاہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):تحریکِ عشقِ مصطفی انٹرنیشنل کے سربراہ سید عنایت علی شاہ نے کہاہے کہ پاکستان وہ مقدس خطہ ہے جس کی سرزمین اولیائے کرام، صوفیائے عظام اور بزرگانِ دین کے روحانی فیوض و برکات سے منور ہے، جہاں دینِ اسلام کا پیغام محبت، امن اور اخوت کے ساتھ پھیلا۔ انہی نفوسِ قدسیہ کے روحانی سائے میں پروان چڑھنے والے اس وطن نے ایک ایسی نظریاتی شناخت حاصل کی جو آج بھی اسے دنیا بھر میں منفرد مقام عطا کرتی ہے۔
یومِ قائد کے موقع پر تحریکِ عشقِ مصطفی انٹرنیشنل کے سربراہ سید عنایت علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی کی نعمت دلانے کے لیے جن اصولوں کی بنیاد رکھی، وہ اسلامی تعلیمات اور اولیائے کرام کی روحانی روایات سے ہم آہنگ تھے۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم کا تصورِ پاکستان ایک ایسی فلاحی اسلامی ریاست تھا جہاں عدل و انصاف، مساوات، قانون کی بالادستی اور اقلیتوں کے حقوق کو یقینی بنایا جائے۔
پیر سید عنایت علی شاہ نے کہا کہ اولیائے کرام نے اس خطے میں کردار، گفتار اور عمل کے ذریعے اسلام کی اصل روح کو اجاگر کیا اور انسانیت کو جوڑنے کا درس دیا۔ انہی تعلیمات کے اثرات قائدِ اعظم کی فکر اور قیادت میں بھی نمایاں نظر آتے ہیں، جنہوں نے برداشت، رواداری اور اصول پسندی کو اپنی سیاست کا محور بنایا۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو جن معاشی، سماجی اور اخلاقی چیلنجز کا سامنا ہے، ان سے نجات کے لیے قائدِ اعظم کے افکار اور اولیائے کرام کی تعلیمات پر خلوصِ نیت سے عمل ناگزیر ہے۔
قومی یکجہتی، باہمی احترام اور قانون کی پاسداری ہی وہ راستہ ہے جو وطن عزیز کو ترقی اور استحکام کی منزل تک لے جا سکتا ہے۔آخر میں پیر سید عنایت علی شاہ نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو امن، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے، اسے ہر قسم کے فتنوں سے محفوظ رکھے اور اس مملکتِ خداداد کو حقیقی معنوں میں قائدِ اعظم اور اولیائے کرام کے خوابوں کی تعبیر بنائے۔







