سرسید یونیورسٹی کی آئی ٹی سی این ایشیا ء 2026میں شرکت

سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ 28ویں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن نمائش و کانفرنس، آئی ٹی سی این ایشیا ء 2026میں شرکت کی

کراچی۔ 23 ستمبر (اے پی پی):سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ 28ویں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن نمائش و کانفرنس، آئی ٹی سی این ایشیا ء 2026میں شرکت کی۔بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب میں ٹیکنالوجی کے مستقبل اور مختلف شعبوں پر اس کے اثرات کے موضوع پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے آئی ٹی سے وابستہ صنعت کے رہنمائوں، اختراع کاروں اور ماہرین تعلیم کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا۔نمائش میں سرسید یونیورسٹی کے اسٹال نے خصوصی توجہ حاصل کی،جہاں طلباء کے تیار کردہ منفرد اور جدید منصوبےپیش کیے گئے، یہ منصوبے نہ صرف طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ یونیورسٹی کے جدت اور عملی تعلیم کے وژن کو بھی نمایاں کرتے ہیں۔سرسید یونیورسٹی کے چانسلر اکبر علی خان نے نمائش کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب جدید ترین تکنیکی ترقی کو سامنے لانے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ٹیکنالوجی اور قیادت کے فروغ کیلئے سرسید یونیورسٹی کے عزم کی تجدید ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی میں تعلیم کوترقی کی بنیاد سمجھا جاتاہے، ہمارا مقصد طلباء اور فیکلٹی کو وہ علم اور مہارت فراہم کرنا ہے جو تیزی سے بدلتے ہوئے منظرنامے میں کامیابی کیلئے ضروری ہے چونکہ ٹیکنالوجی غیر معمولی رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے لہذا ہمیں اپنے مستقبل کے لیڈروں کو ان ضروری آلات سے لیس کرنا ناگزیر ہے۔اس یادگار موقع پر سرسیدیونیورسٹی نے سفیراہ، ایس زیبسٹ کے ساتھ باہمی تعائون کی شراکت داری میں باقاعدہ شمولیت کیلئے ابتدائی طور پر ایک تعریفی اسناد پر دستخط کئے۔ دستاویزپر سفیراہ کے بانی چیف ایگزیکٹو عدیل کریم بخش اور سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرار لیفٹیننٹ کرنل (ر) جمشید علی نے دستخط کئے جو باہمی تعائون کی ایک علامت تھی۔ تقریب میں ذاکر علی خان فائونڈیشن کی چیئرپرسن ارم اکبر علی خان،پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر، عدیل احمد، سرفراز ناتھا، ڈاکٹر فہد فاروق اور دیگر نے شرکت کی۔

مزید خبریں