سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کےلیے کئی مثبت اقدامات کیے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

123

کراچی۔ 30 دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رکھنے کےلیے کئی مثبت اقدامات کیے ہیں اور امید ہے کہ سرمایہ کار دوست قومی اور صوبائی پالیسیوں سے آنے والے سالوں میں ملکی معیشت ترقی کرےگی۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے معاشی اور سماجی بہتری کےلیے ڈپلومیٹک فورم کی تقریب سے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کے دوران کیا۔ تقریب میں مختلف ممالک کے قونصل جنرلز اور دیگر سفارتکاروں نے شرکت کی۔ صدر آصف ہارون نے وزیراعلیٰ اور دیگر سفارت کاروں کا استقبال کیا۔

مراد علی شاہ نے آٹھویں سفارتی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری ایواڈ 2024 منعقد کرنے پر ڈپلومیٹک فورم کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ ان کی حکومت نے مقامی اور بین االاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کےلیے کئی مثبت اقدامات کیے ہیں اور میرا خیال ہے ہم ٹھیک راستے پر جا رہے ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ قومی اور صوبائی سطح پر سرمایہ کار پالیسیوں کے تسلسل سے پاکستان آنے والے سالوں میں مطلوبہ معاشی ترقی حاصل کرسکےگا

انہوں نے بتایا کہ کاروباری صورتحال کو بہتر بنانے کےلیے اصلاحات پاکستان کے سرمایہ کاری ماحول میں رہنما اصول کی حیثیت رکھتی ہیں۔اس حکمت عملی میں وفاقی اور صوبائی سطح پر کئی جامع اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اصلاحات کا مرکز کاروبار شروع کرنے اور اسے چلانے کےلیے قواعد کی تبدیلی، بہتر ٹیکنالوجی اور اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان کی معاشی نمو میں بیرونی سرمایہ کاری کے کردار کا اعتراف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چین، امریکا، برطانیہ، فرانس، اٹلی ، مشرق وسطیٰ اور متحدہ عرب امارات کی ملٹی نیشنل کمپینیاں پاکستان اور خصوصاً سندھ میں کامیابی سے کاروبار کر رہی ہیں۔

یہ کمپنیاں سماجی بہتری کے لیے سرگرم کردار ادا کررہی ہیں۔مراد علی شاہ نے پاکستان میں مقیم بیرونی سفارت کاروں کے مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔آخر میں وزیراعلیٰ سندھ نے سفارتکاروں کو پاکستان اور سندھ میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کی بھی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ یہاں مختلف قسم کی سرمایہ کاری کےلیے کئی پرکشش اور محفوظ شعبے موجود ہیں۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے سرمایہ کاری لانے کےخدمات کے اعتراف میں چین، امریکا، برطانیہ، فرانس، اٹلی ، مشرق وسطیٰ اور متحدہ عرب امارات کے سفارت کاروں کو ایوارڈز سے بھی نوازا۔