سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف سے برطانیہ پاکستان ایوان صنعت و تجارت کے وفد کی گفتگو

151

اسلام آباد ۔ 19 اپریل (اے پی پی) سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف نے کہا ہے کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور استحکام کے نتیجہ میں سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں، پاکستان مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پر کشش مارکیٹ ہے جو مشرق وسطیٰ اور مغربی چین کی طرف پھیل رہی ہے۔ برطانیہ پاکستان ایوان صنعت و تجارت (یو کے پی سی سی آئی) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں کاروباری اصلاحات اور سرمایہ کاری کا فروغ وزیر اعظم عمران خان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے نتیجہ میں غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری بورڈ برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے سفارت خانوں اور ہائی کمشنز سے رابطے کررہا ہے تاکہ سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کیلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے سیاحت میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی معاونت سے ملک کے دیہی علاقوں اور سیاحتی مقامات کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ وفد کے اراکین نے سیاحت، آئی ٹی، ہاﺅسنگ، فوڈ پراسیسنگ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔