سرمایہ کاری کے فروغ وعالمی منڈیوں میں مسابقت کیلئے کیش اور پیپر لیس اکانومی ناگزیر ہے، افتخار علی ملک

177

لاہور۔11اگست (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ وعالمی منڈیوں میں مسابقت کے لیے کیش اور پیپر لیس اکانومی ناگزیر ہے۔

اتوار کو یہاں حفصہ عبداللہ کی قیادت میں بزنس ویمن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی اور عالمی تجارت کے تقاضوں کے باعث ڈیجیٹل لین دین اور الیکٹرانک ریکارڈز پر منتقلی صرف ایک رجحان نہیں بلکہ ضرورت بن چکی ہے، الیکٹرانک لین دین بہت سے فوائد کا حامل ہے جس سے کرنسی نوٹ پر انحصار اور نقدی کو سنبھالنے سے وابستہ چوری اور جعلی نوٹ جیسے خطرات کم ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موبائل بنکنگ اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ذریعے مالیاتی خدمات تک رسائی آسان ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی ایسی معیشتوں کو سپورٹ کرتی ہے جو کیش اور پیپر لیس ہوں۔

وفد کی قائد حفصہ عبداللہ نے کہا کہ پیپر لیس معیشت، الیکٹرانک ریکارڈزاور فزیکل دستاویزات میں کمی سے سرکاری اور نجی دونوں شعبوں میں کارکردگی اور شفافیت کو فروغ ملے گا۔