سروگیٹ کمپنیوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی ہے، وزارت اطلاعات

143
Ministry of Information and Broadcasting
Ministry of Information and Broadcasting

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات نے ”بیٹنگ ہائوس“ کی سروگیٹ کمپنوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر زور دیتے ہوئے سٹیک ہولڈرز سے کہا ہے کہ وہ کھیلوں کی سرگرمیوں کی براہ راست کوریج کے دوران کسی بھی قسم کے اشتہارات کے ذریعے سروگیٹ کمپنیوں کی تشہیر کی روک تھام کو یقینی بنائیں۔

اس حوالے سے وزارت اطلاعات و نشریات نے مورخہ 25 ستمبر 2023ءاور مورخہ 20 اکتوبر 2023ءکو جاری کی جانے والی اپنی ایڈوائزری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات نے پاکستان ٹیلی وژن سمیت متعدد میڈیا آئوٹ لیٹس/چینلز پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کی براہ راست نشریات کے دوران مذکورہ ایڈوائزری کی ”غیر مبہم خلاف ورزی“ کو نوٹ کیا۔ قبل ازیں جاری کردہ ایڈوائزری میں وزارت اطلاعات نے تمام وزارتوں، محکموں اور اداروں پر زور دیا تھا کہ وہ پاکستان میں بالخصوص پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر غیر قانونی طور پر کام کرنے والی سروگیٹ کمپنیوں کے ساتھ کسی بھی قسم کے معاہدے میں شامل نہ ہوں۔

وزارت اطلاعات نے اپنے بیان میں ایک مرتبہ پھر اپنی ایڈوائزری کا حوالہ دیا جس میں سختی سے ہدایت کی گئی کہ بیٹنگ ہائوسز کی سروگیٹ کمپنیوں کو کسی بھی قسم کے اشتہار کے ذریعے اجاگر نہ کیا جائے اور ایسی سروگیٹ کمپنیوں کے ساتھ موجودہ تمام معاہدوں کو فوری طور پر ختم کر دیا جائے۔ مذکورہ ایڈوائزری پہلے ہی تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھیجی گئی تھی جس میں مشہور سروگیٹ کمپنیوں کی فہرست شامل تھی تاکہ کسی لاعلمی کو دور کرتے ہوئے سخت اور فوری تعمیل یقینی بنائی جا سکے۔ وزارت نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ پہلے جاری کردہ ایڈوائزری میں جن دو کمپنیوں کے لوگوز کا واضح ذکر کیا گیا تھا، کو براہ راست نشریات کے دوران بلاتعطل دکھایا کیا گیا جس کا دورانیہ کئی دنوں اور گھنٹوں پر محیط تھا۔

وزارت اطلاعات نے اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ وزارت کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کی فوری تعمیل یقینی بنائیں، اور پچھلی ایڈوائزری کی عدم تعمیل کی وجوہات اور ذمہ دار کی چھان بین کرتے ہوئے اس سرکولیشن کے اجرا کے ایک ہفتہ کے دوران اس کی کاپی جمع کروائیں۔ یہ بات نوٹ کی گئی کہ قومی براڈ کاسٹر پی ٹی وی نے بنیادی حق داروں کے ساتھ اس مسئلہ کو پہلے ہی اٹھایا تاکہ تمام سروگیٹ بیٹنگ کمپنیوں کی ڈیجیٹل پلیسمنٹ کو ہٹایا جا سکے۔ اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو لائسنس دہندگان اور لائسنس یافتگان کے درمیان سمجھوتہ یا معاہدہ ختم کر دیا جائے گا۔

وزارت نے کہا کہ پیمرا آرڈیننس 2002ءکے سیکشن 5 کے مطابق جیسا کہ اس میں وقتاً فوقتاً ترمیم کی گئی ہے، پیمرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سٹے بازی کو فروغ دینے والی سروگیٹ کمپنیوں کی ممانعت سے متعلق لائسنس کی شرائط اور قانون کو نافذ کرے۔ اگر کوئی قانون کی پاسداری کرنے میں ناکام رہے تو ایسے ٹی وی چینلز کے لینڈنگ رائٹس منسوخ کئے جا سکتے ہیں۔ وزارت نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وزارت کی طرف سے 25 ستمبر 2023 اور 20 اکتوبر 2023 کو جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد کرے۔

پی ٹی اے کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاکستان میں ایسی تمام غیر قانونی سروگیٹ بیٹنگ، جوا اور کیسینو کمپنیوں کی روک تھام کو یقینی بنائے جو مختلف ایپس اور ویب سائیٹس کے ذریعے کام کر رہی ہیں۔ وزارت نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان میں ایسے کسی بھی مواد کی نگرانی اور اسے فوری طور پر بلاک کرنے کے لئے ایک فعال چوکس ونگ تشکیل دیا جانا چاہئے۔